روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ تعلقات عامہ نے بابل یونیورسٹی کے تعاون سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے یونیورسٹی اینڈ اسکول ریلیشنز ڈویژن کے انچارج سید ماھر قاسم نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیمینار گذشتہ سولہ سالوں سے منعقد کیا جا رہا ہے اور اس سال اس کا انعقاد دو حصوں میں ہوا، پہلا حصہ ایک محفل مسالمہ پر مشتمل تھا جس میں یونیورسٹی کے طلبہ کے علاوہ نامور عراقی شعراء نے شرکت کرتے ہوئے اس المناک مناسبت کے حوالے سے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ جب کہ دوسرا حصہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیات طیبہ سے متعلق ریسرچ سیشن پر مشتمل تھا۔
انہوں نے مزید کہا، "اس ریسرچ سیشن کے دوران دو مقالات پیش کئے گئے۔ پہلی تحقیق یونیورسٹی کے کالج آف ایجوکیشن کے پرنسپل نے پیش کی تھی، اور دوسری تحقیق (اسلام میں جناب زہرا سلام اللہ علیہا کی مرکزیت) کے عنوان سے پیش کی گئی۔"
اس فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد طلباء میں اہل بیت علیہم السلام کی سیرت و تعلیمات سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ وہ اپنی علمی اور عملی زندگی میں اہل بیت علیہم السلام کے اسوہ حسنہ کی تقلید کر سکیں۔







