روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن علمی کمپلیکس کے وفد نے ذی قار اور مثنیٰ گورنریٹ میں اپنے ادارے سے منسلک مبلغین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
یہ وفد قرآن کمپلیکس کے ذیلی ادارے قرآن انسٹی ٹیوٹ نجف برانچ کی طرف سے جنوبی گورنریٹس میں اپنے مبلغین کی حوصلہ افزائی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بھیجا گیا ہے۔
وفد نے متعدد تبلیغی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں منعقد ہونے والے قرآنی و رمضانی پروگرامز میں شرکت کی۔ وفد نے حاضرین اور شرکاء کو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے علم مبارک کی زیارت بھی کروائی۔
ان تبلیغی مراکز میں اہل علاقہ کے لئے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مناسبت سے ہر روز قرآنی محافل کے انعقاد کے علاوہ وعظ ونصیحت اور رہنمائی پر مشتمل لیکچرز بھی دیئے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ تبلیغی مراکز حوزہ علمیہ نجف اشرف کے طلباء کے لیے شروع کیے گئے قرآنی پروگرام (يبلِّغون) کے تحت قائم کیے گئے ہیں اور اسے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں سے ایک گورنریٹس میں قرآنی اداروں کے سٹاف سے متعلق ہے، جس میں وہ مومنین کے ساتھ رہ رہے ہیں اور علمی اور نصیحتی لیکچرز دے رہے ہیں اور تبادلہ خیال پر مشتمل سیشن اور قرآنی محافل کا انعقاد کر رہے ہیں۔ جبکہ دوسرے حصہ کے تحت رمضان المبارک میں حوزہ علمیہ کے (50) طلباء کو مختلف علاقوں میں قرآنی لیکچر دینے کے لئے بھیجا گیا ہے۔










