محرم الحرام کی پانچ تاریخ اور عزادارن سید الشہداء ہاتھوں میں سیاہ علم اٹھائے ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے مقامات مقدسہ کربلا میں حاضری کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

آج محرم الحرام کی پانچ تاریخ ہے اور کربلا قدیمہ کے داخلی راستوں اور مقامات مقدسہ کی طرف جانے والی سڑکوں پر زائرین کرام اور ماتمی جلوسوں کی آمد جاری ہے۔ عزادارن سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام ہاتھوں میں سیاہ علم اٹھائے ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں حاضری کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

آج کے دن کے عزائی جلوس انصاران امام حسین علیہ السلام کو یاد کر رہے ہیں کہ جنہوں نے آپ علیہ السلام اور آپ کے مقصد کی بقاء کے لئے اپنی جانیں قربان کیں اور عقیدت ومحبت، ایثار، قربانی اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔

واضح رہے کہ محرم کے پہلے عشرہ میں عزائی جلوس اہل کربلا کے لیے وقف ہوتے ہیں اور اہل کربلا کی جانب سے مراسم عزاء کے احیاء کے لئے مقامات مقدسہ میں ماتمی جلوسوں کی آمد اور برآمدگی ایک قدیم روایت ہے جس کی ابتداء یکم محرم کی صبح ماتمی جلوسوں کی برآمدگی سے ہوتی ہے جو دس محرم تک جاری رہتے ہیں۔

کربلا کے دونوں مقامات مقدسہ سے وابستہ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے مراسم عزاء کے احیاء، عزائی تقریبات کے انعقاد اور ماتمی جلوسوں کی برآمدگی کے لئے تیاریوں کا سلسلہ موسم حزن وغم کی آمد سے بہت پہلے ہی شروع کر دیا جاتا ہے۔ جلوسوں کی نقل و حرکت ایک منظم منصوبے کے مطابق ہوتی ہے، ہر جلوس کا راستہ اور وقت پہلے سے مقرر ہوتا ہے۔ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کا عملہ ہر جلوس کے شروع ہونے سے لے کر اختتام تک اس کے ساتھ ہوتا ہے، تاکہ ایک پرسکون اور محفوظ ماحول میں مراسم عزا کی ادادئیگی کو ممکن بنایا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: