روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا شعبہ برائے دینی امور زائرینِ عاشوراء کو وسیع پیمانے پر مختلف تبلیغی اور تعلیمی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
مذکورہ بالا شعبہ کے رکن شیخ علی موحان نے بتایا ہے کہ اس سال محرم کے مقدس مہینے میں بڑی تعداد میں زائرین کی آمد کے پیش نظر ہمارے شعبہ نے متنوع اور وسیع انتظامات کیے ہیں، ایوانوں اور ان سے باہر مختلف جگہوں پرعلماء اور مبلغین موجود ہیں کہ جو زائرین کے دینی سوالات کے جواب دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے شعبہ نے دینی و عقائدی موضوعات اور زیارات و دعاؤں پر مشتمل بہت سی کتابیں بھی پرنٹ کی ہیں کہ جو زائرینِ عاشوراء میں تقسیم کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ ہمارے شعبہ سے منسلک بہت سے مبلغین عراق کے مختلف علاقوں میں اور بیرون ملک امام حسین(ع) اور سانحۂ کربلا کے احیاء کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مجالس عزاء سے خطاب کر رہے ہیں۔
موحان نے مزید بتایا کہ ہمارے شعبہ کے "دینی رہنمائی اور معنوی معاونت کا ڈویژن" نینویٰ اور اس کے نواحی شہروں میں عشرہ محرم کے دوران مجالس عزاء کا انعقاد کر رہا ہے، اس کے علاوہ امام حسین علیہ السلام کے قیام اور اہداف پر روشنی ڈالنے کے لیے متعدد عزائی تقریبات کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ہمارا شعبہ اس حوالے سے ان علاقوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے کہ جہاں عزاداری اور دینی رہنمائی کی اشد ضرورت تھی۔