ساتویں سالانہ ثقافتی جشن امیر المومنین(ع) کے دوسرے دن کی تقریبات ہندوستانی شہر ممبئی میں منعقد ہوئيں کہ جس کا انعقاد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف کیا گیا ہے اور اس میں عراق کے تمام روضاتِ مقدسہ بھی شریک ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے امام علی(ع) کے جشن میلاد کے احیاء کے لیے مغل مسجد ممبئی میں ساتویں سالانہ ثقافتی جشن امیر المومنین(ع) کی تین روزہ تقریبات اس نعرے کے تحت جاری ہیں: {امیر المؤمنین(ع) ہارونِ امامت اور شاہدِ روزِ قیامت ہیں۔} کہ جن کا مقصد اہل بیت اطہار(ع) کی معرفت و ثقافت کو فروغ دینا ہے۔
دوسرے دن تقریب کا آغاز روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) کے قاری سید باقر احمد سھر نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جس کے بعد عراق میں موجود روضات مقدسہ {روضہ مبارک امام علی(ع)، روضہ مبارک امام حسین(ع)، روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع)، روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع)} کی نمائندگی کرتے ہوئے روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) کے وفد کے سربراہ شیخ عدی الکاظمی نے حاضرین سے خطاب کیا۔
اس تقریب میں حاضر ہونے والے محبانِ اہل بیت(ع) میں نیاز بھی تقسیم کی گئی اور عراق میں موجود روضات مقدسہ کی زیارت کے کوپن بھی ہدیہ کیے گئے، اس تقریب کا اختتام اس مبارک مناسبت کے حوالے سے قصائد پر ہوا۔
جشن امیر المومنین(ع) کے پہلے دن کی تقریبات کے ضمن میں ان تمام افراد کو متبرک تحائف دیئے گئے جن کے نام حضرت علی(ع) کے نام مبارک یا ان کے کسی لقب یا ان کی کسی صفت پر رکھے گئے ہیں، اسی طرح پہلے دن روضات مقدسہ کے گنبدوں کے علموں کو ہر روضہ مبارک کے وفد کے سربراہ کی طرف سے بلند کیا گیا اور علم کشائی کی اس تقریب کے بعد کتابی نمائش کا افتتاح کیا گیا کہ جس میں روضہ مبارک امام علی(ع)، روضہ مبارک امام حسین(ع)، روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع)، روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اپنی منشورات کو رکھا ہے۔






















