روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں امیر المومنین حضرت امام علی علیہ السلام کی شہادت کی یاد میں سالانہ مجالس عزا کا انعقاد جاری ہے۔ یہ سالانہ مجالس روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متعدد شعبہ جات کی جانب سے حرم مطہر کے اندر مختلف مقامات اور مختلف اوقات میں منعقد کی جا رہی ہیں۔
اس المناک سانحہ کی یاد میں ہر سال روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام کے لئے بھی سالانہ مجلس عزاء برپا کی جاتی ہے، جو یوم ضربت سے لیکر یوم شہادت تک جاری رہتی ہے۔
اس سال یہ یہ چار روزہ سالانہ مجلس شعبہ خطابت کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے۔
آج دوسرے روز روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے تشریفات ہال میں منعقد کی جانے والی اس مجلس عزاء میں روضہ مبارک کے خدام اور زائرین کے ایک گروپ نے شرکت کی۔
مجلس عزاء کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور اس کے بعد خطیب حسینی نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے امیر المومنین علیہ السلام کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں روایات و آیات کی روشنی میں گفتگو کی اور دین کے حفاظت اور استحکام کے لئے أمير المؤمنين الإمام علي بن أبي طالب(عليه السلام) کے عظیم کردار اور لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی اور امیر المومنین علیہ السلام کے فضائل و مناقب، سیرت طیبہ اور المناک شھادت کا ذکر کیا۔
مجلس کے اختتام پر مغموم دلوں کے ساتھ امیر المومنین علیہ السلام کی شہادت کو یاد کرتے ہوئے مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی کی گئی۔















