روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ابتدائی و اعلیٰ تعلیم کے ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شرعی ذمہ داری کی عمر تک پہنچنے والے طلباء کے اعزاز میں چوتھی سالانہ تقریب منعقد کی گئی۔
یہ سالانہ تقریب العمید ایجوکیشنل گروپ فار بوائز کی طرف سے شرعی ذمہ داری کی عمر تک پہنچنے والے طلباء کے اعزاز میں (بتكليفي أكون رجلًا رساليًّا) کے نعرے کے تحت منعقد کی گئی کہ جس میں (500) طلباء نے شرکت کی۔
تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، ڈپٹی سیکرٹری انجینئر عباس موسیٰ احمد، مجلس ادارہ کے ارکان، متعدد شعبہ جات کے سربراہان و عہدیداران کے علاوہ معروف شخصیات اور طلباء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز طالب علم علي أسامة نے تلاوت قرآن مجید سے کیا، جس کے بعد عراق کے شہداء کے لیے سورۃ فاتحہ پڑھی گئی، اور اس کے بعد یکے بعد دیگرے ملک کا قومی ترانہ اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا مخصوص ترانہ (لحن الإباء) پڑھا گیا۔
ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کی نمائندگی کرتے ہوئے تقریب سے ان کے معاون ڈاکٹر حیدر اعرجی نے خطاب کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اپنے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہے کہ اخلاق کے بغیر علم روح کے بغیر بدن کی کی مانند ہے پس اگر وطن علم سے تعمیر ہوتے ہیں تو ان کی بقا وحیات اخلاق سے ہوتی ہے، اور انسان کو جس فطرت کے تحت اللہ نے خلق کیا ہے اس فطرتِ سلیم کی خلاف ورزی نہ کرنا ہی اخلاق کا مجسم پیکر ہے، اور خلاف ورزی سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ شرعی ذمہ داری پر عمل کیا جائے، اور ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو واضح نشانیوں سے بھرے روشن راستے کی طرف رہنمائی کریں کہ جس کا اختتام کامیابی و کامرانی پر ہو، نہ کہ ایسے تاریک راستہ پر چلائيں کہ جس کا انجام خسارہ اور ضیاع ہو۔
تقریب میں مختلف فنی اور انشادی سرگرمیاں بھی دیکھنے میں آئيں، اور اسی طرح تقریب کی تیاریوں کے بارے میں ایک ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔
تقریب کا اختتام حلف برداری پر ہوا کہ جس میں تمام طلباء نے اپنی شرعی ذمہ داریوں پر عمل کرنے کا حلف اٹھایا۔



























