روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے منعقد ہونے والے دوسرے سالانہ ہفتۂ امامت کی تقریبات (النبوّة والإمامة صنوان لا يفترقان) کے نعرے کے تحت 27 جون 2024ء سے 4 جولائی 2024ء تک جاری رہیں گی کہ جس کا مرکزی موضوع ہے: (منهاج الأئمّة -عليهم السلام- في تربية الفرد والأمّة)۔
قرآن علمی کمپلکس کے ذیلی ادارے قرآنی پروجیکٹس سنٹر کے ڈائریکٹر سید حسنین حلو نے بتایا ہے کہ ہفتۂ امامت میں شریک مہمانوں کے لیے قرآن علمی کمپلکس نے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے اندرونی صحن میں ایک قرآنی شام کا اہتمام کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس قرآنی شام میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) سے منسلک قاریان قرآن کے علاوہ ديگر قاریوں نے بھی تلاوت قرآن مجید کا شرف حاصل کیا اور أمير القراء الوطني پروجیکٹ کے طلباء نے اس محفل میں اجتماعی تلاوت کی۔
واضح رہے کہ اس قرآنی شام کا انعقاد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) قرآنی ویژن کا عکاس ہے کہ جس کا مقصد سیمینارز اور دیگر پروگراموں کے دوران قرآنی شاموں اور محفلوں کا انعقاد کر کے قرآنی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی کوشش ہے کہ عصر حاضر کے بحرانوں کو حل کرنے کے لیے وہ ہفتۂ امامت کے ذریعے اہل بیت(ع) کے علم اور سیرت کی جانب لوگوں کی توجہ مبذول کروائے اور فکری شکوک و شبہات کو دور کرنے اور منحرف نظریات کا مقابلہ کرنے میں اہل بیت(ع) کے کردار کو واضح کرے۔










