روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکر و ثقافت کے سربراہ عقیل الیاسری نے تصدیق کی ہے کہ امام سّجاد (عليه السّلام) کانفرنس میں پیش کی جانے والی تحقیق قابل قدر اور اس کے موضوعات سے ہم آہنگ ہے۔
(النبوّة والإمامة صنوان لا يفترقان) کے نعرے کے تحت روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے منعقد ہونے والے دوسرے سالانہ ہفتۂ امامت کی تقریبات 27 جون 2024ء سے 4 جولائی 2024ء تک اس عنوان کے ضمن میں جاری رہیں گی: (منهاج الأئمّة -عليهم السلام- في تربية الفرد والأمّة) اور یہ کانفرنس اس کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا، "اس کانفرنس کے لئے (29) تحقیقی مقالات موصول ہوئے تھے، جن میں سے (17) کو قبول کیا گیا اور (7) مقالوں پر کانفرنس کی تحقیقی نشست کے دوران گفتگو کی گئی۔ اس کانفرنس کے لئے قبول کئے جانے والے تمام تحقیقی مقالات کو ایک خصوصی رسالے میں چھاپا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ "کانفرنس میں میزبان ملک عراق کے علاوہ الجزائر، مراکش، کویت اور ایران سمیت متعدد ممالک کے محققین اور ماہرین نے شرکت کی۔"
انہوں نے کہا کہ امام سجاد علیہ السلام کی کانفرنس میں پیش کی جانے والی تحقیق بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے اور علمی اور انتظامی کمیٹوں کی جانب سے مقرر کردہ موضوعات کے مطابق ہے۔
شعبہ فکرو ثقافت کی جانب سے منعقد کی گئی اس کانفرنس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جناب عباس موسیٰ احمد اور مجلس ادارہ کے متعدد اراکین کے علاوہ بہت سی علمی، حوزوی، اکیڈمک اور سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔










