روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مذہبی رہنمائی ڈویژن برائے خواتین نے مناسکِ حج کے بارے میں ایک جامع کورس کا انعقاد کیا ہے کہ جس میں مومنات کی خاصی تعداد شرکت کر رہی ہے۔
ڈویژن کی سربراہ محترمہ عذراء شامی نے کہا ہے کہ اس کورس میں حج سے متعلق اہم ترین فقہی مسائل شامل ہیں، اس کے علاوہ اس میں حج کے دوران خواتین کی طرف سے عام طور پر کی جانے والی غلطیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، اس کورس کا مقصد ایسی معلمات کی تربیت وتیاری ہے کہ جو حج کے دوران دیگر خواتین حجاج کی مدد و رہنمائی کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا، "ہمارے ڈویژن کی ویب سائٹس پر اس کورس میں شرکت کی خواہشمند خواتین کے لیے ایک خصوصی رجسٹریشن فارم موجود ہے۔ اس کورس کی کلاسز پیر اور منگل کو صبح نو بجے مركز صّديقة طّاهرة (ع) میں منعقد ہو رہی ہیں۔
کورس کی سپروائزر،محترمہ رباب فرج نے کہا کہ کورس میں ان اہم موضوعات اور فقہی مسائل کو شامل کیا گیا جو حج رہنما اتھارٹی (هيأة الحج للإرشاد) کے امتحان میں شامل ہوتے ہیں ہم نے ان اہم ترین فقہی مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہیں جو مناسکِ حج کی درستگی میں بنیادی حیثیت کے حامل ہیں۔


