ایمانی سفر میں بہت سے انسانی اقدامات ابھرتے ہیں اور زیارت اربعین کے منظرنامے میں مزید اضافہ کر دیتے ہیں، اور انہی میں سے ایک بصرہ کا موكب الخيّاطين (درزیوں کا موکب) بھی ہے، جو زائرینِ امام حسین(ع) کو ایک منفرد انسانی خدمت فراہم کرتا ہے۔
ابو احمد عبیدی اور ان کے ساتھی موكب الخيّاطين میں اپنے پیشے (سلائی) کے ذریعے کربلا جانے والے راستہ پر زائرینِ امام حسین(ع) کو ایک الگ خدمت فراہم کرتے ہیں کہ جس کی ابتدا وہ اٹھائیس محرم سے کرتے ہیں کہ جب بصرہ شہر کے مومنین کربلا کی طرف اربعین مارچ کا آغاز کرتے ہیں۔
ابو احمد کہتے ہیں کہ ہم 2009ء سے امام حسین(ع) کے زائرین کی خدمت کرتے چلے آ رہے ہیں، ہم ان کے کپڑوں کی سلائی اور ترمیم کرنے کا کام کرتے ہیں، اور اس کے ذریعے ان مبارک ایام کے احیاء میں ایک قسم کا حصہ ڈالتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بصرہ کے بعد ان کا دوسرا پڑاؤ سماوہ میں ہے کہ جہاں وہ کچھ دن تک زائرین کو اپنی خدمات فراہم کرنے کے بعد کربلا گورنریٹ کے علاقے طویریج میں اپنا تیسرا اور آخری پڑاؤ ڈالتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موکب کے ہر پڑاؤ کے مقام پر سلائی مشینیں اور سلائی سے متعلقہ تمام مواد موجود ہے کہ جس سے وہ زائرین کو وسیع تر خدمات فراہم کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔
یہ موکب زائرینِ اربعین کے راستے میں حسینی خدمت کی ایک مثال اور اربعین کی کہانیوں میں سے ایک کہانی ہے جو ہميں سید الشہداء(ع) کی طرف جانے والے مومنین کے درمیان سماجی یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔