روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا میڈیا ڈیپارٹمنٹ 100 سے زیادہ عربی اور غیر عربی چینلز کو مراسمِ اربعین کو براہ راست نشر کرنے کے لیے خدمات فراہم کر رہا ہے۔
ڈیپارٹمنٹ میں لائیو براڈکاسٹ یونٹ کے انچارج انجینئر زید سلیم نے کہا کہ الکفیل سینٹر فار آرٹسٹک پروڈکشن اینڈ لائیو براڈ کاسٹنگ اربعین امام حسین(ع) کے مراسم کو پوری دنیا میں نشر کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف پیدل جانے والے زائرین کی کوریج کا آغاز ہم نے بصرہ کے جنوب میں واقع راس البیشہ کے علاقے سے کیا اور باقی گورنریٹس سے گزرتے ہوئے کربلا تک ہماری موبائل ٹیم کوریج کے لیے اربعین مارچ کے ساتھ ساتھ رہی۔
انھوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارے ادارے نے 100 سے زیادہ عرب اور غیر عرب چینلز کو مفت لائیو براڈکاسٹ سروس (فیڈ کلین) فراہم کی ہے، اس کے علاوہ انٹرنیٹ سائٹس، میڈیا اداروں، اخبارات اور میگزینوں کے لیے بغیر لوگو والی اعلیٰ معیار کی تصاویر بھی میسر ہیں۔