84ویں فرینکفرٹ بین الاقوامی کتابی نمائش میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا پویلین مرکزِ نگاہ بنا ہوا ہے اور نمائش دیکھنے والوں کی طرف سے اسے کافی پذیرائی مل رہی ہے۔
یورپ میں روضہ مبارک کے نمائندے احمد راضی نے بتایا ہے کہ مختلف اقوام اور ممالک سے تعلق رکھنے والے فرینکفرٹ بین الاقوامی کتابی نمائش کے زائرین روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے پویلین کی طرف جوق در جوق آ رہے ہیں اور یہاں موجود مختلف فکری، علمی اور سائنسی کتابوں کے بارے میں آگاہی حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پویلین میں روضہ مبارک کے مختلف شعبوں کی طرف سے دسیوں مذہبی، ثقافتی، اور فکری موضوعات پر شائع کی جانے والی کتابوں کو نمائش کے لیے رکھا گیا ہے، اس کے علاوہ پویلین میں روضہ مبارک کے صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں مختلف خدماتی منصوبوں کی دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی جا رہی ہے کہ جو معاشرے کی خدمت میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے موثر کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) مختلف بین الاقوامی اداروں کے ساتھ رابطے کو بڑھانے اور ثقافتی اور فکری شعبوں سے متعلقہ اپنی منشورات و اصدارات اور کتابیں متعارف کرانے کے لیے دنیا بھر کی کتابی نمائشوں اور کتاب میلوں میں شرکت کرتا رہتا ہے۔




