19 ٹرکوں پر مشتمل... روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا لبنانی عوام کی مدد کے لیے پانچواں قافلہ روانہ ہو چکا ہے

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے صہیونی جارحیت کے نتیجے میں بے گھر ہو کر شام آنے والے لبنانی خاندانوں کی مدد کے لیے 19ٹرکوں پر مشتمل پانچواں امدادی قافلہ بھیج دیا ہے۔

یہ قافلہ امدادی کمیٹی کے سربراہ سید محمد اشیقر اور دفتر متولی شرعی کے ڈائریکٹر سید افضل شامی کی موجودگی میں کربلا مقدسہ سے روانہ ہوا۔

سید اشیقر نے اس حوالے سے بتایا کہ کمیٹی نے بے گھر ہو کر شام آنے والے لبنانی خاندانوں کی مدد کے لیے انسانی امداد کا پانچواں قافلہ شام کی طرف روانہ کیا ہے، جس میں 19 ٹرک پر تقریباً 8000 راشن بیگز، 16000 کمبل، گوشت اور مختلف غذائی مواد بھیجا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سامان شام میں موجود روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے وفد کے ساتھ مل کرمختلف شامی علاقوں میں ضرورت مندوں اور لبنانی متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔

سید اشیقر نے یہ بھی بتایا کہ لبنانی عوام کی مشکلات کو کم کرنے اور ان کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کی نجف اشرف میں مقیم اعلی دینی قیادت کی اپیل اور متولی شرعی علامہ سید احمد صافی کی ہدایت پر اس امداد کا بڑا حصہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے، جبکہ اس میں عوام اور حسینی مواکب کی جانب سے دیئے جانے والے عطیات بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کو پامال کرتی صہیونی جارحیت سے متاثر ہونے والے لبنانی عوام کی مدد کے لیے ایک وسیع مہم شروع کی ہوئی ہے، کہ جس میں لبنان سے عراق آنے والے متاثرہ بے گھر خاندانوں (عراق کے مہمانوں) کے لیے رہائش کی فراہمی بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے ہزاروں ٹن امدادی سامان پر مشتمل چار امدادی قافلے شام بھیجے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے ایک مستقل میڈیکل کیمپ، ایک متنقل ہسپتال بھی وہاں قائم کیا ہے، اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیموں کو شام بھیجا ہے جبکہ ادویات و غذائی اشیاء سے بھرے دسیوں ٹرک بھی آئے روز روانہ کیے جا رہے ہیں، اسی طرح وہاں کیمپس میں رہنے والے لبنانی خاندانوں کو کھانا فراہم کرنے کے لیے وہاں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اپنا مرکزی باورچی خانہ بھی قائم کیا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: