روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ فکری و ثقافتی امور نے مختلف تاریخی ادوار سے تعلق رکھنے والی 500000 سے زیادہ اصلی اور نقل شدہ دستاویزات کی تنظیم وترتیب اور ان کی آرکائیو کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
یہ سارا کام مخطوطات کی فہرست سازی اور تصویر کے مرکز ( مركز تصوير المخطوطات وفهرسة) کی جانب سے انجام دیا جا رہا ہے کہ جو مذکورہ بالا شعبہ کا ایک ذیلی ادارہ ہے۔
مرکز میں تاریخی دستاویزات کے انچارج محمد باقر زبیدی نے کہا کہ مخطوطات کی تصویرکشی کا مقصد روضہ مبارک کے دستاویزی ذخیرے کو بڑھانا اور محفوظ بنانا ہے، اس میں اعلیٰ سطح کی مہارت رکھنے والی ٹیم اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دستاویزات کی آرکائیو، تجزیہ اور تنظیم وترتیب کا کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مرکز اصل اور نقل شدہ بیش قیمت دستاویزات کو آرکائیو کرتا ہے اور ان کی تفصیل کو ان کے مواد اور موضوعات کی بنیاد پر ترتیب دیتا ہے، جس سے محققین اور ماہرین کو دستاویزات کی تلاش اور تحقیق میں مدد ملتی ہے۔
زبیدی نے مزید بتایا کہ ہم تاریخ اور اسلامی مخطوطات کی زیادہ سے زیادہ تعداد کا تجزیہ کرنے اور انہیں الیکٹرانک ریسرچ پروگرام الجود للأرشفة الإلكترونية میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ انہیں متعلقہ افراد کے لیے دستیاب کیا جا سکے، ساتھ ہی ان کے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب ماحول بھی فراہم کیا جائے۔
