روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے قرآن علمی کمپلیکس کے ایک وفد نے بغداد اور مستنصریہ یونیورسٹیوں میں قرآن پروجیکٹ فار عراقی یونیورسٹیز کے تحت دو قومی مقابلوں کے انعقاد کے لیے کی جانے والی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد کے سربراہ اور قرآن انسٹی ٹیوٹ نجف اشرف کے ڈائریکٹر مہند المیالی نے کہا: "علمی اکیڈیمی کے وفد نے بغداد اور مستنصریہ یونیورسٹیوں کا دورہ کیا، تاکہ طلباء کو قرآن کریم اور اس کے علوم پر بہترین گریجویشن تحقیق کے قومی یونیورسٹی مقابلے اور حفظ ،تفسیر اور قراءت کے پہلے قومی قرآنی مقابلے میں شرکت کے لیے تعاون فراہم کیا جا سکے ۔"
انہوں نے مزید کہا، "وفد نے یونیورسٹیوں میں قرآنی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا، تاکہ نوجوانوں میں قرآن کی ثقافت کو پھیلایا جا سکے۔"
اس موقع پر بغداد یونیورسٹی کے نائب صدر برائے انتظامی امور ڈاکٹر امیر فیصل عبد الامیر نے قرآن پروجیکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ طلباء میں بلند اخلاقی اقدار کو اجاگر کرنے اور ان کے علمی و ثقافتی اہداف کی تکمیل کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔
مستنصریہ یونیورسٹی کی نائب صدر برائے علمی امور ڈاکٹر فاتن فاضل القزاز نے کہا کہ یونیورسٹی ایسے کسی بھی پروجیکٹ کی مکمل حمایت کرے گی جو علمی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دے اور دینی و تعلیمی اداروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرے۔
قرآن علمی کمپلیکس کے وفود نے واسط، ميسان، ذي قار، بصرہ، بغداد اور المستنصریہ یونیورسٹیوںکے ساتھ ساتھ امام کاظم (علیہ السلام) کالجوں کا بھی دورہ کیا ہے، تاکہ مقابلوں کے آغاز کو مربوط کیا جا سکے اور طلباء کی شرکت کو آسان بنایا جا سکے۔




