اہلِ کربلا کی روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل کو مدتِ خدمت میں توسیع پر مبارکباد

کربلا مقدسہ کی معروف اور بزرگ شخصیات نے آج روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل جناب مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین سے ملاقات کی اور انھیں دیوان وقف شیعی کی طرف سے دوبارہ تین سال تک کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل مقرر کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

اہل کربلا نے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں حاضری دی اور سیکرٹری جنرل کو ان کی دوبارہ تقرری پر مبارکباد پیش کی، اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اور اس کے زائرین کی خدمت کے لیے ان کی کامیابی کی دعا کی۔

واضح رہے کہ عراق میں شیعہ اوقات کے مرکزی ادارے دیوان وقف شیعی نے سید مصطفی مرتضی آل ضیاء الدین کی مدتِ ملازمت میں توسیع کرتے ہوئے انھیں دوبارہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا تین سال کے لیے سیکرٹری جنرل تعینات کر دیا ہے۔

دیوان وقف شیعی کی طرف سے جاری لیٹر میں کہا گیا ہے: اعلیٰ دینی قیادت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کی 13 ربیع الثانی 1446ھ کو دی گئی منظوری سے، دیوان وقف شیعی کے قانون نمبر (57) سال 2012ء کی شق نمبر (4) ثالثاً/ہ کے تحت، اور مصلحتِ عمل کے تقاضوں کے پیشِ نظر سید مصطفی مرتضی عبود آل ضیاء الدین کو مزید تین سالوں کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا گیا ہے، اور اس مدت کی ابتدا گزشتہ مدتِ ملازمت کے ختم ہونے سے ہو گی۔

اس لیٹر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سید مصطفی مرتضی عبود آل ضیاء الدین کو نائب سیکرٹری جنرل اور روضہ مبارک کی مجلسِ ادارہ کے پانچ اراکین کو نامزد کرنے کی بھی ذمہ داری دی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ جنوری 2022ء میں سید مصطفی آل ضیاء الدین کو انجینیئر سید محمد اشیقر کی مدتِ ملازمت کے ختم کے بعد روضہ مبارک کا سیکرٹری جنرل تعینات کیا گیا تھا۔
سیکرٹری جنرل کے عہدہ پر تقرری سے پہلے سید مصطفیٰ روضہ مبارک کی مجلس ادارہ کے رکن تھے، انھوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات اور دیگر منصوبوں کا معائنہ کرنے کے لیے بہت زیادہ فیلڈ دورے کیے۔

زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے انہوں نے اپنے سابقہ دور میں تمام روضات مقدسہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے کے لیے بھی بہت کام کیا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: