پرچمِ عزاء بلند کرنے کی یہ عزائی تقریب روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے باب قبلہ کے سامنے بیرونی صحن میں منعقد ہوئی، جس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل سید مصطفی مرتضیٰ آل ضیاء الدین اور روضہ مبارک امام حسین(ع) کے ایک اعلی سطحی وفد کے علاوہ اطراف کربلا، مواکب اور ہیئات کے نمائندوں، اور بڑی تعداد میں زائرین اور عزاداروں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد دونوں روضات مقدسہ کی جانب سے سید عقیل یاسری نے استقبالیہ خطاب کیا، جس میں انھوں نے حضرت زینب(ع) کی حیات مبارکہ اور ان پر ہونے والے مظالم پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد اہل کربلا کی نمائندگی کرتے ہوئے سید حیدر معمار نے خطاب کیا۔
اس حوالے سے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: آج اہل کربلا نے دونوں مقدس روضات مقدسہ کی سرپرستی میں حضرت زینب کبریٰ(ع) کے یوم وفات کی مناسبت سے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے باب قبلہ کے سامنے علمِ عزاء بلند کرنے کے مراسم کا اہتمام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب پہلی بار اس سال منعقد کی گئی ہے اور آئندہ برسوں میں بھی اس کا انعقاد جاری رہے گی۔
اسی بارے میں روضہ مبارک امام حسین(ع) کے نائب سیکرٹری جنرل ڈاکٹر علاء ضیاء الدین نے کہا ہے کہ آج ہم نے حضرت زینب(ع) کے یوم وفات کی یاد میں پرچمِ عزاء بلند کرنے کی تقریب میں شرکت کی اور اس مبارک تقریب کا حصہ بننا ہمارے لیے بڑے شرف اور اعزاز کی بات ہے۔
غم و اندوہ کے ماحول میں منعقدہ اس عزائی تقریب میں حضرت زینب(ع) کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے دیگر خطابات کے علاوہ مجلس عزاء اور مرثیہ خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔





























