روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام نے امام موسیٰ کاظم بن جعفر صادق(ع) کے یوم شہادت کربلا میں ایک مشترکہ جلوس عزاء برآمد کیا اور اس المناک سانحہ پہ پرسہ پیش کیا۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ آليات و مشینری کے معاون سربراہ عدنان عباس نے اس بارے میں بتایا ہے کہ امام موسیٰ کاظم بن جعفر صادق(ع) کے یوم شہادت کے احیاء کے لیے روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام کا جلوس عزاء غم و اندوہ اور محبانِ اہل بیت(ع) پر اس مصیبت کے گہرے اثرات کے بیان پر مشتمل نوحے پڑھتے ہوئے برآمد ہوا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ امام موسی کاظم(ع) کا رمزی تابوت اٹھائے اس جلوس عزاء کا آغاز روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے اندرونی صحن سے ہوا، جس کے بعد اس جلوس عزاء میں شامل عزادار ما بین الحرمین سے ہوتے ہوئے روضہ مبارک امام حسین(ع) میں پہنچے کہ جہاں دونوں مقدس روضوں کے خدام نے مل کر اپنے مظلوم امام کے مصائب پر ماتم کیا اور امام حسین(ع) اور اہل بیت اطہار(ع) کو پرسہ پیش کیا۔
روضہ مبارک امام حسین(ع) کے سیکرٹری جنرل کے مشیر فاضل عوز نے کہا: روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام اہل بیت(ع) سے منسلک تمام عزائی مناسبات پر جلوس عزاء برآمد کرتے ہیں کہ جن میں سے ایک امام موسی کاظم(ع) کا یوم شہادت بھی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس ماتمی جلوس کا اختتام روضہ مبارک امام حسین(ع) کے صحن میں ایک مجلس عزاء پہ ہوا جس میں اس المناک سانحہ کے اظہار کے لیے مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی کی گئی۔

























