اس مہم کا انتظام واہتمام الکفیل ہسپتال اور روضہ مبارک کے شعبہ برائے طبی امور کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا ہے۔
روضہ مبارک کے سیکرٹری جنرل کے مشیر فائز شکرچی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ روضہ مبارک نے اپنے عملے کے لیے دائمی امراض کی جلد تشخیص کے لیے تیسری مہم کا آغاز کیا ہے جس میں فشار خون، ذیابیطس، آکسیجن کی سطح، دل کی دھڑکن کی رفتار اور موٹاپے کا معائنہ شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم روضہ مبارک کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی اور سیکرٹری جنرل کی ہدایات کے مطابق (مثبت طرز زندگی پروگرام) کے تحت جاری ہے جس میں جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ نفسیاتی صحت کے پہلوؤں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ملازمین کی صحت کی بہتری اور ان کے لیے طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
اس مہم کا مقصد عملے میں صحت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا، جلد تشخیص کے لیے طبی معائنہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور کسی غیر معمولی علامت کے ظاہر ہونے کی صورت میں فوراً ڈاکٹروں سے مشورہ کرنے کی ترغیب دینا ہے۔









