روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے دوسرے العمید عالمی ایوارڈ برائے تلاوتِ قرآن کے مقابلوں میں حصہ لینے والے بچوں میں سے آخری مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والوں کے اسماء کا اعلان کر دیا ہے۔
اس عالمی قرآنی مقابلے کا انعقاد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے "قرآن علمی کمپلکس" نے کیا ہے، جس میں 22 ممالک کے نامور قاریانِ قرآن شریک ہیں، ان میں سے 10 قاریانِ قرآن بچوں کے زمرے میں شامل ہیں جبکہ دیگر 30 قاریوں کو بڑوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔
بچوں کی کیٹیگری کے تحت دوسرے العمید عالمی ایوارڈ برائے تلاوتِ قرآن کے مقابلوں میں حصہ لینے والے دس قاریانِ قرآن میں سے آخری مرحلے میں پہنچنے والے چھ قاریوں کے نام یہ ہیں:
محمد نجمی الفارو ( جن کا تعلق انڈونیشیا سے ہے)
شہاب احمد حسن (جن کا تعلق مصر سے ہے)
امیر حسین باقری (جن کا تعلق ایران سے ہے)
محمد علی صادق (جن کا تعلق عراق سے ہے)
محمد سیاکور اسیافی (جن کا تعلق انڈونیشیا سے ہے)
محمد سلمان (جن کا تعلق پاکستان سے ہے)
ان قرآنی مقابلوں میں جیوری کے فرائض بین الاقوامی ماہرینِ قرآن پر مشتمل کمیٹی کر رہی ہے، جس میں مصر کے شیخ محمد بسیونی اور شیخ محمد عصفور، عراق کے شیخ باسم عابدی، ڈاکٹر مشتاق علی اور قاری سید حسنین حلو، افغانستان کے شیخ عبد الكبير حیدری، ایران کے سید کریم موسوی اور لبنان کے محمد رمال شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس مقابلے میں عربی، ایشیائی اور افریقی ممالک سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے قاریان قرآن شرکت کر رہے ہیں اور یہ عالمی مقابلہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے فرد و معاشرے کی اصلاح کے لیے مستند رہنمائی اور قرآنِ کریم کی ثقافت کی نشر واشاعت میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔






