اس تربیتی کیمپ کا پروگرام مختلف ثقافتی اور تربیتی سرگرمیوں پر مشتمل ہے، جن میں علمی و فکری ورکشاپس، عقائدی، دینی و اخلاقی لیکچرز، ادبی و فنی پروگرامز، معلوماتی مقابلے، قرآنی نشستیں اور ڈائیلاگ سیشنز شامل ہیں۔
کیمپ کے مارننگ سیشن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، اس کے بعد الکفیل دینی مدارس کی انچارج، محترمہ بشرى الكناني نے استقبالیہ خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اس منصوبے کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا:
"یہ کیمپ خواتین کی ایسی نسل تیار کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے جو علم اور شعور سے لیس ہو کر ایک باشعور اور مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھ سکیں۔"
کیمپ کی اہم سرگرمیوں میں ایک علمی ورکشاپ بھی شامل تھی، جس کا عنوان تھا: "فیصلہ سازی اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹیں"۔ یہ ورکشاپ روضہ مبارک کے شعبہ پائیدار ترقی سے وابستہ جناب فراس الشمری نے پیش کی۔انہوں نے فیصلہ سازی کو زندگی کی ایک اہم مہارت قعاع دیتے ہوئے اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی، اور واضح کیا کہ کس طرح متعدد آپشنز میں سے بہترین متبادل کا انتخاب کر کے اسے مؤثر طریقے سے عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے، کیونکہ درست فیصلہ شعوری غور و فکر کا نتیجہ ہوتا ہے۔
کیمپ کے مارننگ سیشن کا اختتام نمازِ ظہر و عصر کی باجماعت ادائیگی پر ہوا، جس کے بعد شرکاء کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔









