روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے نویں سالانہ "مقدس فتوئ دفاع ثقافتی فیسٹیول" کے دوسرے دن کو عراق کی تاریخ کے المناک سانحات میں سے ایک، (سپائکر قتل عام) کو یاد کرنے کے لیے خاص کیا گیا ہے لہذا دوسرے دن کی تمام تقریبات، تقاریر اور نشستیں سانحۂ سپائکر کے بارے میں ہوں گی۔
دوسرے دن کی تقریب میں شعبۂ فکری امور سے وابستہ "عراقی مرکز برائے دستاویزاتِ جرائمِ انتہا پسندی" کی طرف سے خطاب، سانحۂ سپائکر کے شہداء کے لواحقین کی طرف سے خطاب، اور اس سانحہ پر بنائی گئی دستاویزی فلم "البطولة إن حُكيت"، اور شہداء کے لواحقین کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے اعزازات سرفہرست ہیں۔
یہ فیسٹیول "دینی مرجعیت امتِ اسلامیہ کا قلعہ" کے شعار کے تحت 30 اور 31 مئی 2025 کو منعقد ہو رہا ہے، جس کے پروگراموں کو شعبۂ فکری و ثقافتی امور اور الوافی فاؤنڈیشن برائے دستاویزات و مطالعات نے مشترکہ طور پر منظم کیا ہے۔
فیسٹیول کے دوران 33 جلدوں پر "موسوعۃ خطب الجمعۃ – توثیق و تحقیق" کی رونمائی بھی کی جائے گی، اس کتاب میں 2003 سے 2020 تک کے روضہ مبارک امام حسین(ع) میں دیئے گئے خطباتِ جمعہ کو اکٹھا کیا گیا ہے۔ اس کا آخری حصہ اعلی دینی قیادت کے بیانات پر مشتمل ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اس ثقافتی فیسٹیول کے ذریعے دفاع وطن کے تاریخی فتویٰ کی اہمیت کو قومی حافظے اور سماجی شعور میں راسخ کرنے کے عزم پر کاربند ہے، تاکہ یہ فکری و روحانی ورثہ نسل در نسل منتقل ہوتا رہے۔