روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن علمی کمپلیکس کی جانب سے زیارت اربعین کے موقع پر زائرین کے اہم راستے کربلا نجف شاہراہ پر بین الاقوامی محفلِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں روضہ مبارک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید عباس موسیٰ اور عراق اور دیگر ممالک کے ممتاز قراء حضرات نے شرکت کی۔
یہ بابرکت محفل قرآن علمی کمپلیکس کے قرآنی پروجیکٹس سنٹر کے زیر اہتمام نجف کربلا روڈ پر واقع العمید یونیورسٹی کے ام البنین (سلام اللہ علیہا) موکب میں قائم ذیلی سٹیشن"موکب امیر القراء" میں منعقد کی گئی تھی۔
اس موقع پر سید عباس موسٰی نے کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام، ایام اربعین میں زائرین کی خدمت کے ساتھ ساتھ ثقافتی مواکب، مجالسِ عزاء اور قرآنی محافل کا بھی اہتمام کرتا ہے، تاکہ نجف، بابل اور بغداد سمیت مختلف راستوں سے کربلا آنے والے زائرین کی روحانی و فکری تربیت کی جا سکے اور زائرین کو سفرِ زیارت کے دوران ایک معنوی ماحول میسر آ سکے جو ان کے شعور اور اہلِ بیت علیہم السلام سے تعلق کو مزید گہرا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ محفل، روضہ مبارک کے قرآن علمی کمپلیکس کی ان سرگرمیوں کا حصہ ہے جو اربعینِ حسینی کی مناسبت سے منعقد کی جا رہی ہیں۔
کمپلیکس کے سربراہ ڈاکٹر مشتاق العلی نے کہا: "یہ محفل، ان متعدد قرآنی سرگرمیوں میں سے ایک ہے، جنہیں قرآن علمی کمپلیکس زیارت اربعین کے ایّام میں باقاعدگی سے منعقد کرتا ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ "ایسی محافل نہ صرف قرآنی ماحول کو فروغ دیتی ہیں بلکہ مختلف اقوام کے درمیان قرآنی روابط کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔"
اس روح پرور محفل میں عراق اور ایران سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ قراء، جن میں سید حسنین الحلو، سید ابو احمد القاسمی اور سید حامد شاکرنجاد شامل تھے، نے اپنے مخصوص انداز میں تلاوت کی اور سامعین سے دادِ تحسین وصول کی۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے زیارتِ اربعین کے دوران قرآنی محافل، مجالسِ عزا اور فکری، ثقافتی، طبی اور لاجسٹک خدمات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، تاکہ زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔










