کمپلیکس کی انتظامیہ کی جانب سے اس عظیم فریضے کا اختتام مجلسِ عزاء کے انعقاد سے کیا گیا۔ اس موقع پر روضہ مبارک کے خادمین نے تجدیدِ عہد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ برس زائرین کو مزید بہتر، معیاری اور وسیع تر سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ یہ روحانی سفر مزید آسان اور بابرکت بنایا جا سکے۔
اس مجلس عزاء میں کمپلیکس کے نگران اور متولیِ شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر سید جواد الحسناوی، روضہ مبارک کے شعبۂ قانونی امور کے سربراہ سید محمد الفتلاوی، اور شعبۂ امورِ دینیہ کے معاون سربراہ شیخ عادل الوکیل کے علاوہ کمپلیکس کا عملہ اور رضاکار شریک ہوئے، کہ جنہوں نے زیارت کے دوران زائرین کی خدمت میں بھرپور کردار ادا کیا۔
مجلس کے اختتام پر سید جواد الحسناوی نے خطاب کرتے ہوئے مرجعِ اعلیٰ آیت اللہ العظمیٰ سید علی الحسینی السیستانی اور متولی شرعیِ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام علامہ سید احمد صافی کا شکریہ ادا کیا، اور ساتھ ہی اُن تمام خدام و رضاکاروں کا بھی تہِ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے شب و روز زائرین کی خدمت میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کیں۔
کمپلیکس نے ماہ صفر کے آغاز سے ہی زا ئرین اربعین کے لئے اپنی خدمات کا آغاز کر دیا تھا، اور زیارتِ اربعین کے عروج پر تمام تر افرادی قوت کو مکمل طور پر متحرک کر کے خدمات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا تھا اس دوران لاکھوں زائرین نے اس کمپلیکس کی متنوع سہولیات سے استفادہ کیا، جن میں قیام، طعام، طبی امداد، شرعی رہنمائی اور دیگر بنیادی خدمات شامل تھیں۔
کمپلیکس کی جانب سے ٹھنڈے پانی، جوسز اور پھلوں کی بڑی مقدار کے علاوہ، یومیہ بنیادوں پر60 ہزار سے زائد کھانے کے پیکٹس تقسیم کیے گئے۔ کمپلیکس کی دو آئس فیکٹریاں روزانہ 95 ٹن سے زائد برف تیار کررہی تھیں تاکہ زائرین اور اطراف کے مواکب کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
کمپلیکس میں قائم بیکری روزانہ زائرینِ حسینی کے لیے 15 سے زائد اقسام کی اشیائے خور و نوش تیار کر رہی تھی، جبکہ کمپلیکس کے تندور کی یومیہ پیداواری صلاحیت 25,000 روٹیوں سے تجاوز کر گئی تھی۔ اس کے علاوہ کمپلیکس میں مردوں اور عورتوں کے لیے الگ الگ آرام گاہیں، صحت کے مراکز، طبی اور ابتدائی طبی امداد کی خدمات، مذہبی اور ثقافتی رہنمائی کے مراکز اور ثقافتی موکب اور گمشدہ افراد کی رہنمائی کے لیے مختلف لاجسٹک سپورٹ سروسز اور اسٹیشن موجود تھے۔
زائرین کی نقل و حرکت کے خاتمے کے ساتھ ہی آج کمپلیکس کی سرگرمیاں بھی باضابطہ طور پر اختتام پذیر ہو گئیں، جب کہ "قمر بنی ہاشمؑ فاؤنڈیشن" کے رضاکاروں نے پُرغم ماحول میں اپنی خدمات مکمل کر کے خدمتِ زائرین کی اس عظیم سعادت کا اختتام کیا۔
قابل ذکر ہے ک ابو الفضل العباس سروس کمپلیکس روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے بڑے خدمتی مراکز میں سے ایک ہے، جو 60 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے، اور زائرین کو اُن کی آمد سے لے کر روانگی تک جامع خدمات فراہم کرتا ہے۔















