میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے زیارت اربعین کے احیاء کے لئے مرتب کردہ میڈیا پلان کی کامیابی کا اعلان کیا ہے

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے زیارت اربعین کے احیاء کے لئے مرتب کردہ میڈیا پلان کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔

شعبہ کے سربراہ جناب علی البدری نے کہا، " میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے اربعین امام حسین علیہ السلام سے متعلق تمام سرگرمیوں اور مراسم زیارت کی جامع میڈیا کوریج کے لیے ایک مکمل منصوبہ تیار کیا تھا، جسے دو بنیادی حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پہلے حصے میں، روضہ مبارک کے مختلف شعبوں کی جانب سے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی میڈیا کوریج کی گئی، ساتھ ہی زائرین کے جنوبی عراق کی آخری سرحدی پٹی(رأس البیشة) سے لے کر کربلا مقدسہ تک کے پیدل سفر (ملینز مارچ) کو دستاویزی انداز میں ریکارڈ کیا گیااور راستے میں پیش آنے والے روحانی و جذباتی مناظر، اور متاثر کن انسانی کہانیوں کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی، تاکہ اربعین کی عظمت کو نہ صرف محفوظ کیا جا سکے بلکہ دنیا بھر تک مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا، "دوسرے حصے میں اربعین کی کوریج میں حصہ لینے والے صحافتی اداروں، فوٹوگرافرز، وی لاگرز، اور مواد تخلیق کرنے والوں (کانٹینٹ کری ایٹرز) کو سہولیات کی فراہمی شامل تھی۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی میڈیا سینٹر قائم کیا گیا، جس کا مقصد صحافیوں اور میڈیا اداروں کے کام کو آسان بنانا تھا۔اس سینٹر کے ذریعے 701 میڈیا پرمٹ جاری کیے گئے۔میڈیا اداروں کی تنظیم و رہنمائی کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپلیکیشن بھی متعارف کرائی گئی۔
4 مکمل میڈیا پلیٹ فارمز (اسٹوڈیوز) بھی تیارکیے گئے، جہاں انٹرویوز، لائیو نشریات اور دیگر پروگرام ریکارڈ کیے گئے، جن میں انٹرنیٹ اور تمام جدید فنی آلات فراہم کیے گئے۔

ایام اربعین کے دوران میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں نے 3380 خبری و فنی تصاویر تیار کیں، 507 صحافتی رپورٹس شائع کیں، 643 ڈیجیٹل خاکے (انفوگرافکس) ڈیزائن کیے، اور مجموعی طور پر 480 گھنٹے کی مسلسل لائیو نشریات پیش کیں۔ اس کے علاوہ 408 متنوّع ویڈیوز (خبری، فنی و تصویری کہانیاں) بنائی گئیں، 120 خبری مضامین شائع ہوئے، اور 113 رپورٹس ٹی وی چینلز کے لیے تیار کی گئیں، جن میں سے 14 ویڈیوز جدید مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئیں۔

بین الاقوامی و مقامی سطح پر میڈیا تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 90 میڈیا ہاؤسز کو براہ راست معاونت فراہم کی گئی، جب کہ 135 اداروں نے براہِ راست روضہ مبارک کے لائیو فیڈ سے استفادہ کیا۔ زیارتِ اربعین کی کوریج کو وسعت دینے کے لیے 28 ٹی وی پروگرامز اور ایک دستاویزی فلم بھی تیار کی گئی، جب کہ شہرِ کربلا سے باہر 15 میڈیا ٹیمیں تعینات کی گئیں، تاکہ زائرین کے سفر اور خدمات کے مختلف پہلوؤں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی یہ تمام کاوشیں اس عزم کا عملی اظہار ہیں کہ زیارتِ اربعین کے روحانی، انسانی اور سماجی پہلوؤں کو جدید ترین میڈیا ذرائع کے ذریعے دنیا کے سامنے پیش کیا جائے، اور کربلا میں رقم ہونے والے تاریخی مناظر کو اصل روح کے ساتھ عالمی سطح پر نمایاں کیا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: