ربیع الاول 1447 ہجری کا چاند نظر آتے ہی روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے گنبد پر یکم محرم کی رات نصب کیا گیا سیاہ علم اتار کر پھر سے سرخ علم لگا دیا گیا ہے۔
علم کی تبدیلی کے یہ مراسم روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے جنرل سیکریٹری سید مصطفی مرتضیٰ آل ضیاء الدین نے انجام دیئے۔
واضح رہے کہ حضرت امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے روضہ مبارک کے گنبدوں پر سارا سال سرخ علم لہراتے ہیں اور یہ سرخ علم اس بات کی علامت ہیں کہ یہ وہ مقتول ہیں کہ جن کے خون کا انتقام لینا باقی ہے خدا کا وعدہ ہے کہ امام زمانہ(عج) اپنے ظہور کے بعد امام حسین(ع) اور شہداء کربلا کے قاتلوں سے ان کے ہر ظلم و ستم کا بدلہ لیں گے تمام مومنین ہر وقت امام زمانہ(عج) کے ظہور کی دعا کرتے ہیں تاکہ ان کے ساتھ مل کر امام حسین(ع) اور شہداء کربلا(ع) کے قاتلوں سے بدلہ لیا جائے اور پوری دنیا کو انسانیت کے دشمنوں سے پاک کر دیا جائے تاکہ پوری انسانیت سکون اور سعادت کی زندگی گزار سکے۔
جبکہ ہر سال محرم کے شروع ہوتے ہی حضرت امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے روضہ مبارک کے گنبدوں پر سارا سال لہرانے والے سرخ علموں کو اتار کر ان کی جگہ سیاہ علم نصب کر دئیے جاتے ہیں کہ جو حزن و ملال اور سوگ اور ایام عزاء کی علامت ہیں۔
یاد رہے کہ تبدیلئ علم کے یہ مراسم حضرت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کے نجف اشرف میں قائم مرکزی دفتر کے اس اعلان کے ساتھ ہی انجام دیئے گئے کہ کل بروز سوموار ربیع الاول 1447 ہجری کی پہلی تاریخ ہے۔








