روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے قاسم بن امام حسن(ع) ہال میں منعقدہ اس سمپوزیم میں ڈاکٹر حسن کاظم زہیری اور محترمہ میران فالح مہدی نے اپنے ڈاکٹریٹ اور ماسٹرز کے تحقیقی مقالات کے بارے میں گفتگو کی کہ جو روضہ مبارک امام حسین(ع) میں دیے جانے والے خطبات جمعہ کے متعلق تحریر کیے گئے۔
العمید ایسوسی ایشن کے صدر، ڈاکٹر ریاض العمیدی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ جمعہ کے خطبات پر مشتمل انسائیکلوپیڈیا "موسوعة خطب الجمعة" کو العمید ایسوسی ایشن اور العمید انٹرنیشنل سنٹر فار ریسرچ اینڈ اسٹڈیز نے مل کر تیار کرنے کے بعد شائع کیا، یہ دونوں ادارے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ برائے فکری اور ثقافتی امور سے وابستہ ہیں، اس کتاب کو اشاعت کے لیے تیار کرنے کے لیے دونوں اداروں نے دس سال تک مسلسل کام کیا تاکہ 2003 سے 2020 تک ان خطبات جمعہ کے ذریعے اعلی دینی قیادت حضرت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کے جاری کردہ بیانات کو دستاویزي شکل دی جا سکے اور دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف جنگ میں عراقی عوام میں قومی جذبے کو تقویت دینے میں ان کے مرکزی کردار کو واضح کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیراہتمام منعقدہ، اس سمپوزیم میں دو محققین نے اپنے ڈاکٹریٹ اور ماسٹرز کے تحقیقی مقالے پیش کیے کہ جنھیں العمید سنٹر کے تعاون سے شائع بھی کیا گیا۔
خطبات جمعہ کے انسائیکلوپیڈیا کے نگران اور اس سمپوزیم کے مدیر ڈاکٹر کریم حسین خالدی نے بتایا کہ ان دونوں محققین نے اپنے تھیسز کے لیے اس انسائیکلوپیڈیا سے معتبر علمی مصدر کے طور پر استفادہ کیا اور انھیں جمعہ کے خطبوں کی تفصیلات اور تجزیہ فراہم کیا گیا۔ دونوں محققین نے اپنے مقالے کے مندرجات اور خیالات کو بیان کیا اور حوالہ کے طور پر جمعہ کے خطبات کو پیش کیا، اور سماجی، فکری، مذہبی، اقتصادی، سیاسی، عسکری اور دیگر پہلوؤں کے حوالے سے اعلیٰ دینی قیادت کی تعلیمات وہدایات کا ذکر کیا۔







