پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے منعقدہ چھٹا سالانہ دینی سمر کورس اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
اس بیس روزہ کورس کا اہتمام روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ برائے فکری و ثقافتی امور کے ذیلی ادارے تراث الانبیاء انسٹی ٹیوٹ برائے آن لائن حوزوی تعلیم (اردو برانچ) کی طرف سے کیا گیا، جس میں بارہ ہزار (12000) طلاب و طالبات نے شرکت کی۔
کورس کے اختتام پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے نمائندے شیخ ناصر عباس نجفی، اعلیٰ دینی قیادت نمائندوں، علماء کرام، علاقائی معززین اور بڑی تعداد میں کورس میں شامل طلباء نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ ناصر عباس نجفی نے بتایا کہ: انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے اس اختتامی تقریب کا انعقاد 14 مراکز میں فائنل امتحان لیے جانے کے بعد کیا گیا اور نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی آئندہ کورس کے لیے رجسٹریشن کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
اعلیٰ دینی قیادت کے نمائندے شیخ محمد حسن جعفری نے اپنے خطاب میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولیِ شرعی علامہ سید احمد صافی اور روضہ مبارک کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ: یہ پروگرام حضرت ابوالفضل العباس(ع) کے عالمگیر پیغام کی عملی ترجمانی ہے، جس میں مختلف اسلامی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے طلباء نے مل کر شرکت کی۔
اس دینی وعلمی کورس میں مختلف موضوعات پر ماہر اساتذہ نے درس دیے، جن میں فقہ، اخلاقیات، عقائد اور دیگر دینی و ثقافتی پہلو شامل تھے۔
اختتامی تقریب کے دوران شرکاء میں سے دس طلباء کو عراق میں موجود روضات مبارکہ اور مقامات مقدسہ کی زیارت کے لیے ٹکٹ دیے گئے۔ اس کے علاوہ روضہ حضرت عباس(ع) کے خصوصی تبرکات اور تحائف بھی پیش کیے گئے۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے شمالی علاقہ جات کے دینی مراکز، جامعات اور مدارس کے ساتھ مسلسل رابطے اور علمی و ثقافتی تبادلۂ خیال کے لیے خصوصی دوروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔




