روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیر اہتمام منعقدہ پہلا بین الاقوامی رحمةً للعالمين فیسٹیول اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
یہ روحانی و ثقافتی فیسٹیول نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ(ص) کی ولادت باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقد کیا گیا، جس میں علمی، ادبی، ثقافتی اور قرآنی سرگرمیوں کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا۔ یہ پرنور تقریبات تین روز تک جاری رہیں۔
پہلے روز کی تقریبات میں فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کہ جس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی نمائندگی کرتے ہوئے سید ہاشم میلانی نے استقبالیہ خطاب کیا، بعد ازاں ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی، اور بین الحرمین کے مقام پر کتب میلے کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
دوسرے روز، امام حسنؑ ہال میں ایک علمی و تحقیقی نشست منعقد ہوئی، جس کے بعد سیرتِ نبویؐ پر ایک اختصاصی علمی سمپوزیم کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ روضۂ حضرت عباس(ع) کے باب قبله کے بیرونی صحن میں ایک عظیم الشان جشن کا انعقاد بھی عمل میں آیا۔
تیسرے روز کی تقاریب میں امام حسن(ع) ہال میں عربی قصیدہ گوئی پر مشتمل ایک خصوصی مشاعرہ ہوا، جہاں شرکت کرنے والے شعراء کرام کو اعزازات سے نوازا گیا۔ اسی روز مرکز دار الرسول الأعظمؐ نے جامعہ دیالہ کے تعاون سے ایک علمی و ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیا، جبکہ جشن کی اختتامی تقریب میں "مسابقة أجر الرسالة الكبرى الأولى" کے نام سے ہونے والی ادبی مقابلے کے نتائج کا اعلان اور مطلوبہ مواد تیار کرنے والوں کو اعزازات دیے گئے۔ تقریب کا اختتام روضۂ مبارک کی جانب سے جاری کردہ ایک جامع اختتامی بیان اور اہم سفارشات کے ساتھ ہوا۔
روضۂ مبارک حضرت عباس(ع) نے اس بین الاقوامی فیسٹیول کے ذریعے سیرتِ نبویؐ کے متنوع پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی سعی کی، اور رحمت و امن کی علامت کے طور پر نبی کریم(ص) اور ان کے خاندان کے انسانیت نواز پیغام پر روشنی ڈالی۔
































