روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے قرآن علمی کمپلکس کی جانب سے رسول اکرم حضرت محمد(ص) کی 1500ویں سالگرہ کے موقع پر"خطابِ قرآنی میں مرکزیتِ نبیؐ" کے موضوع پر نئی کتاب شائع کی گئی ہے۔
معروف محقق ڈاکٹر کریم حسین ناصح خالدی کی تصنیف کردہ اس کتاب کو کمپلکس کے ذیلی ادارے "مركز الدراسات والبحوث القرآنية" نے شائع کیا ہے۔ مصنف نے کتاب میں نہایت باریک بینی سے پیغمبر اکرم(ص) کی حیاتِ طیبہ اور بعد از وصال کے حالات و واقعات کا فکری و اعتقادی نکات پر مشتمل تجزیہ پیش کیا ہے۔
کتاب میں ان واقعات کا بھی احاطہ کیا گیا ہے جنہوں نے اسلامی معاشرے کے افراد کے مابین وحدت اور ہم آہنگی کو متاثر کیا۔ ڈاکٹر خالدی نے ناصرف ان مسائل کی نشاندہی کی، بلکہ ان کے حل کے لیے نہایت فکرانگیز اور مؤثر تجاویز بھی پیش کی ہیں۔
اس تصنیف کا سب سے اہم پہلو وہ نظریاتی بنیاد ہے جس پر اسے استوار کیا گیا ہے — یعنی "مرکزیت" کے اس مفہوم کو ازسرنو متعین کرنا جو آج کے دور میں بعض اوقات غلط فہمی کا سبب بنتا ہے۔ مصنف نے ایک نیا فکری سانچہ پیش کرتے ہوئے یہ واضح کیا ہے کہ خداوند متعال اور اُس کے حبیبؐ کے درمیان تعلق کی نوعیت کیا ہے، اور قرآن کریم میں نبی اکرم(ص) کو جو مرکزی حیثیت دی گئی ہے، وہ امت کے لیے کس قدر رہنما اصول فراہم کرتی ہے۔
واضح رہے کہ قرآن علمی کمپلکس سیرتِ رسولِ اعظم(ص) اور اہل بیت(ص) کی حیاتِ مبارکہ کو جدید اسلوب میں پیش کر کے اسلامی لائبریری کو مؤثر اور بصیرت افروز علمی سرمایہ فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، تاکہ نئی نسل ان اعلیٰ اقدار سے روشناس ہو سکے۔


