روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ معارف اسلامی و انسانی کی جانب سے بصری ورثہ کے بارے میں پہلی علمی بین الاقوامی کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا۔
یہ دو روزہ کانفرنس مذکورہ بالا شعبہ کے ذیلی ادارے مرکز تراثِ بصرہ کے زیرِ اہتمام 6 نومبر 2026 کو منعقد ہو گی، جس کا شعار ہے:
"تراثِ بصرة: ایک تہذیبی سرچشمہ، اقدار اور اصالت کا چراغ"
جبکہ عنوان ہوگا:
"بصری ورثے کا انسانی فکر پر اثر"
کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں مرکز کے مدیر، شیخ مدرک حسّون اور کانفرنس کی علمی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر محمود عیدانی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مختلف دینی، ثقافتی اور علمی اداروں کی جانب سے کانفرنس کے انعقاد کے لیے فراہم کیے جانے والے تعاون اور محققین کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ کانفرنس سے قبل ایک علمی نشست بعنوان (آفاق مشتركة في خدمة التراث البصري) منعقد کی جائے، جس کا مقصد بصری ورثے کے تاریخی و فکری اثرات کو اجاگر کرنا اور کانفرنس کے اہم موضوعات سے آگاہی فراہم کرنا ہو۔
اس موقع پر کانفرنس کی تیاریوں سے متعلق کمیٹی کے رکن، ڈاکٹر علی بدیری نے موصول ہونے والی اہم تحقیقات اور مطالعات کا خلاصہ پیش کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ علمی و تحضیری کمیٹیوں کے کام میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، خصوصاً بصری ورثے سے متعلق ایک ڈیجیٹل لائبریری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، نیز کام کی تنظیم کے لیے ذیلی شعبے بھی قائم کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر بدیری نے اس بات پر زور دیا کہ موصول ہونے والے تحقیقی مقالات کی جانچ پڑتال اور عناوین کے تجزیے کے بعد ہی انھیں منظور کیا جائے گا۔ ساتھ ہی علمی و تحضیری کمیٹیوں کے مابین کام کی تقسیم اور مرکز کی جانب سے جاری ديگر کاموں پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

