شعبہ مذہبی امور کی جانب سے حرم مطہر سے منسلک نئے منتسبین کے لیے منعقدہ تربیتی و تعلیمی کورس اختتام پذیر

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ مذہبی امور کی جانب سے حرم مطہر سے منسلک نئے منتسبین کے لیے منعقدہ تربیتی و تعلیمی کورس اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

شعبہ مذہبی امور کے شیخ كريم الخزعلي نے کہا، "اس کورس میں منتسبین کی روزمرہ زندگی سے متعلق متعدد دروس شامل تھے، جن میں نماز، طہارت اور فقہِی احکام کے ساتھ ساتھ اسلامی عقائد، تعلیمات اور اخلاقیات کے اسباق بھی شامل تھے۔"

انہوں نے کہا کہ "اس کورس کا مقصد شرکاء میں صحیح دینی فہم و بصیرت پیدا کرنا اور ان کے فکری و ثقافتی شعور کو فروغ دینا ہے، تاکہ وہ زائرینِ کرام کی خدمت میں اپنی ذمہ داریوں کو بہتر اور مؤثر انداز میں ادا کرسکیں۔"

انہوں نے مزید کہا، "یہ تربیتی پروگرام اس لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ منتسبین کو مضبوط علمی و فکری بنیاد فراہم کی جا سکے، جو انہیں اعلیٰ ایمانی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے میں معاون ثابت ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ، ان میں وابستگی، اخلاقی التزام اور خدمت کے جذبے کو بھی مزید مستحکم کیا جا سکے، جو کہ مقدس روضات میں خدمت کی نمایاں خصوصیات میں سے ہیں۔"

یہ کورس اُن سلسلہ وار تربیتی و ترقیاتی پروگراموں کا حصہ ہے جو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے اپنے نئے منسوبین کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں، تاکہ امام حسین علیہ السلام اور اُن کے بھائی حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے زائرین کی خدمت میں پیشہ ورانہ کارکردگی کے معیار کو مزید بلند کیا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: