الکفیل میوزیم میں مجسمہ سازوں اور ہدایت کاروں کے وفد کی آمد — نوادرات کی دیکھ بھال اور طریقۂ نمائش کی تعریف

روضہ مبارکِ حضرت عباس(ع) کے الکفیل عجائب گھر برائے نوادرات و مخطوطات نے حال ہی میں مجسمہ سازوں اور ہدایت کاروں پر مشتمل ایک وفد کا خیرمقدم کیا، جو عجائب گھر کے قیمتی نوادرات اور اس کے ثقافتی و فنی کام سے آگاہی حاصل کرنے کے لیے آیا تھا۔

وفد کا استقبال عجائب گھر کے معاون انچارج ڈاکٹر شوقی موسوی نے کیا۔ انہوں نے مہمانوں کو میوزیم کے نظامِ کار، اس کے علمی و تحقیقی پہلوؤں اور ورثے کے تحفظ و توثیق کے لیے اختیار کی گئی جدید سائنسی تکنیکوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد کے ایک رکن، علی جعفر سعدی—جو کینیڈا میں عرب کونسل برائے ثقافت و فنون کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں—نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: میں اس میوزیم کی اعلیٰ تنظیم، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر معمولی توجہ سے نہایت خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوا۔ یہاں جو نظامِ کار، نوادرات کی ترتیب و پیشکش، اور انتظامی مہارت دیکھی، وہ کسی بھی بین الاقوامی معیار کے میوزیم سے کم نہیں۔

انہوں نے مزید کہا: ہم نے نوادرات کی دستاویز سازی، محفوظ ذخیرہ کاری اور سائنسی بنیادوں طریقۂ نمائش کا مشاہدہ کیا۔ اسی طرح، مرمت و بحالی کی لیبارٹری بھی دیکھی جو نوادرات کو نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے مخصوص ہے۔ علاوہ ازیں، میوزیم کے میڈیا و مواصلاتی شعبے کی سرگرمیاں بھی قابلِ تحسین ہیں۔

واضح رہے کہ یہ دورہ اُن ثقافتی ملاقاتوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جن کا اہتمام الکفیل میوزیم مستقل بنیادوں پر کرتا ہے، تاکہ ثقافت و ورثے کے ماہرین اور اہلِ فن کے ساتھ رابطے کو فروغ دیا جا سکے اور علمی و فنی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: