روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں عراقی یونیورسٹیوں کی طالبات کی گریجویشن تقریب کی تیاریوں پر تبادلہ خیال

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں عراق اور دیگر اسلامی ممالک کی جامعات سے حال ہی میں فارغ‌التحصیل ہونے والی طالبات کی نویں سالانہ گریجویشن تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

یہ اجلاس روضہ مبارک کے نائب سیکرٹری جنرل عباس موسى احمد کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں مختلف انتظامی و فنی کمیٹیوں کے سربراہان اور نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تقریب کی کامیاب و منظم تکمیل کے لیے تمام متعلقہ شعبہ جات کی ذمہ داریوں، خدمات اور تیاریوں کا تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے طالبات کے استقبال سے لے کر ان کی تکریم و وداع تک پورے پروگرام کے مرحلہ وار انتظامات پر گفتگو کی اور اس امر پر زور دیا کہ تمام سرگرمیاں اعلیٰ نظم و ضبط، ہم آہنگی کے ساتھ انجام پائیں۔

یہ باوقار تقریب روضہ مبارک کے دفتر متولیِ شرعی برائے امورِ نسواں سے وابستہ الکفیل دینی مدارس برائے خواتین کے زیرِ اہتمام منعقد ہو رہی ہے۔ اس سال جشن کا مرکزی نعرہ ہے:
"من نور فاطمة (عليها السلام) نضيء العالم"
(ہم نورِ فاطمہؑ سے دنیا کو منور کرتے ہیں)

تقریب میں پانچ ہزار (5000) سے زائد طالبات عراق کے مختلف صوبوں اور متعدد اسلامی ممالک سے شرکت کریں گی۔

اس تقریب کا انعقاد بروز جمعہ، 31 اکتوبر 2025ء کو مقرر ہے، جس کے صباحی پروگرام میں روحانی و فکری نوعیت کی کئی اہم سرگرمیاں شامل ہوں گی، جن میں روضہ مبارک حضرتِ عباس(ع) کے صحن میں اجتماعی حلف وقسم کی ادائیگی، زیارت، بین الحرمین میں مارچ، اور روضہ مبارک امام حسین(ع) کی زیارت شامل ہیں۔

یہ مرکزی تقریب روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے منعقد ہونے والے سب سے بڑے علمی و روحانی اجتماعات میں سے ایک ہے، جس کا مقصد فارغ‌التحصیل طالبات کو تعلیمی سفر کی کامیاب تکمیل پر حوصلہ، عزت، اور روحانی توانائی فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی عملی زندگی کا آغاز روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی برکات سے سرشار ہو کر کر سکیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: