روضہ مبارکِ حضرت عباس(ع) کے دفترِ متولی شرعی برائے امورِ نسواں کے شعبہ حسینی خطابتِ برائے خواتین نے حضرتِ زینب کبریٰ(ع) کے جشن میلاد کی پرمسرت مناسبت سے ایک پُروقار تقریبِ جشن منعقد کی۔
یہ تقریب مرکزِ صدیقہ طاہرہ(ع) میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز قرآنِ کریم کی تلاوت سے ہوا۔ بعد ازاں، حضرتِ زینب(ع) کی زیارت پڑھی گئی، جب کہ اس کے بعد "ولیدہُ الطُّهر والعفاف" کے عنوان سے خاکہ پیش کیا گیا
پروگرام کے دوران “امیرۃُ الشام” کے عنوان سے ایک معلوماتی مقابلۂ سوال و جواب بھی منعقد ہوا، جس میں سیدہ زینب (ع) کی حیاتِ مبارکہ اور سیرتِ درخشاں سے متعلق سوالات شامل تھے۔ درست جوابات دینے والی شرکاء کو قیمتی تحائف سے نوازا گیا۔
مزید برآں، شعبے کی جانب سے خطباتِ ثلاثہ {یعنی حضرتِ امام علی(ع)، حضرتِ فاطمہ زہراء(ع) اور حضرتِ زینب(ع) کے خطبات} کے حفظ سے متعلق مقابلے کے نتائج کا اعلان بھی کیا گیا۔ یہ مقابلہ گرمیوں کے تعلیمی کورسز کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا۔
آخر میں، مقابلے میں کامیاب ہونے والی شرکاء کو تعریفی اسناد اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے، جبکہ تقریب کا اختتام عقیدت و مسرت کے روح پرور ماحول میں ہوا۔





