روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ فکری و ثقافتی امور نے العمید یونیورسٹی کے تعاون سے ہفتۂ انسدادِ منشیات کے سلسلے میں ایک ثقافتی و آگاہی نمائش کا اہتمام کیا۔
اس حوالے سے مرکز ملتقى القمر الثقافی کے سربراہ، شیخ حارث داحی نے بتایا: یہ نمائش جامعہ العمید کے شعبۂ نفسیاتی رہنمائی و تربیتی مشاورت کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس کا مقصد منشیات جیسے مہلک سماجی مسئلے کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ: اس اقدام کی بنیاد اس احساس پر ہے کہ منشیات کی لعنت معاشرے، بالخصوص نوجوانوں اور طلباء کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ اسی بنا پر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے ان سرگرمیوں کی فکری و ثقافتی سطح پر بھرپور حمایت کی، تاکہ علم و آگاہی کے فروغ، تجربات کے تبادلے، طلباء کو مطالعے کی ترغیب اور فکری و ثقافتی صلاحیتوں میں بہتری کی ترغیب دی جا سکے۔
جامعہ العمید کے شعبۂ رہنمائی کے سربراہ، ڈاکٹر حسنین موسوی نے نمائش کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا: نمائش میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مختلف علمی و ثقافتی مراکز کی جانب سے شائع شدہ کتب، علمی و فکری مؤلفات اور آگاہی پر مبنی مطبوعات پیش کی گئیں، جن کا محور طلباء میں فکری و اخلاقی شعور کو فروغ دینا اور ان کی توانائیوں کو بروے کار لانا ہے، تاکہ وہ فکری و سلوکی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ: یہ تمام مطبوعات طلباء کو بلا معاوضہ فراہم کی گئیں، تاکہ انسدادِ منشیات کی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے اور طلباء کو اس لعنت سے نمٹنے کے لیے حقیقی آگاہی کے ذرائع حاصل کرنے کے قابل بنانا ہے۔










