قرآن علمی کمپلیکس نے کربلا کے اسکولوں کے 100 سے زائد طلباء کے لیے مقاماتِ مقدسہ کربلا کی زیارت کا اہتمام

روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے قرآن علمی کمپلیکس نے صوبہ کربلا کے اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد طلباء کے لیے مقاماتِ مقدسہ کربلا کی زیارت کا اہتمام کیا۔ ان طلباء کا انتخاب ہندیہ اور جدول غربی کے اسکولوں کے دوروں کے دوران کیا گیا تھا۔

قرآن علمی کمپلیکس سے منسلک قرآن انسٹی ٹیوٹ ہندیہ برانچ کے سربراہ، جناب حامد المربی نے بتایاکہ انسٹی ٹیوٹ نے ہندیہ اور جدول غربی کے اسکولوں کے 100 سے زائد طلباء کے لیے اس مذہبی دورے کا اہتمام کیا ہے، جس کا مقصد تلاوتِ قرآن کریم کے ہونہار ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔ اسکولوں کے دوروں کے دوران ایسے طلباء سامنے آئے جن میں مستقبل کے بہترین قاری بننے کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے، اور یہ دورہ انہیں (فتياننا قرَّاء) پراجیکٹ میں شامل کرنے کی ایک تمہید ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دینی سفر کے دوران طلباء نے سید الشہداء امام حسین علیہ السلام اور ان کے برادرِ باوفا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے روضہائے مبارک کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔ علاوہ ازیں، مقامِ امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف) میں ایک قرآنی محفل کا انعقاد کیا گیا، جو تلاوتِقرآںِ کریم، تربیتی خطابات اور مذہبی ترانوں پر مشتمل تھی۔ اس محفل کا بنیادی مقصد طلباء کی حوصلہ افزائی اور قرآنِ کریم کے ساتھ ان کے روحانی و فکری تعلق کو مزید مستحکم کرنا تھا۔

انسٹی ٹیوٹ میں حفظ قرآن کے استاد جناب حسن عبدالامیر نے بتایا کہ (فتياننا قرَّاء) پروجیکٹ کا آغاز تین سال قبل ایک ایسی تعلیم یافتہ اور باصلاحیت قرآنی نسل کی آبیاری کے لیے کیا گیا تھا جو فکری و علمی پختگی رکھتی ہو۔ اس منصوبے کا محور ایسے طلباء کی تیاری ہے جو حفظِ قرآن کے ساتھ ساتھ احکامِ تلاوت اور قرآنی مقامات (صوتی آہنگ و تجوید) میں مہارت رکھتے ہوں، تاکہ ایک ایسی باشعور قرآنی نسل پروان چڑھے جو معاشرے میں قرآنی ثقافت کو عام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: