روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے عراقی فضائیہ کے ان شہداء کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا جو داعش کے خلاف جنگ میں شہید ہوئے......

ان دنوں عراقی عوام موصل کے داعشی دہشت گردوں سے آزادی کی خوشیاں منا رہی ہے اور اسی ضمن میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے عراقی فضائیہ کے ان شہداء کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا جو داعش کے خلاف جنگ میں شہید ہوئے اور یہ تقریب اعلی دینی قیادت کے اس فرمان کی تعمیل کی ہی ایک شکل ہے جس میں انھوں نے شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال اور انھیں ہر مقام پہ عزت دینے کا حکم دیا ہے۔

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے امام حسن(ع) ہال میں بروز جمعہ (14/ 7/ 2017ء) کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں حرم کے سیکرٹری جنرل، فضائیہ کے سربراہ و دیگر ارکان، سیکورٹی فورسز کے افسران اور شہداء کے خاندانوں نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا اس کے بعد پہلے روضہ مبارک کے مذہبی امور کے سیکشن کے سربراہ شیخ صلاح کربلائی نے استقبالیہ خطاب کیا اور ان کے بعد فضائیہ کے سربراہ حامد المالكی نے حاضرین سے خطاب کیا اور اپنی گفتگو کے دوران کہا: "یہ ایک عظیم اور تاریخی دن ہے، جس میں ہم مومنین اور مجاہدین کی فتح کا جشن منا رہے ہیں. اس پوری جنگ میں فضائیہ کے جہازوں اور ہیلی کپٹرز نے 53 ہزار پروازیں بھریں، کہ جس میں 7144 پروازیں موصل کی فضا میں بھی گئیں اور ہر پرواز میں داعشی دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔

تقریب میں فضائیہ کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور اس جنگ میں شہید ہونے والوں کی یاد میں لگائی گئی تصویری نمائش کا افتتاح کیا گیا۔

آخر میں شہداء کے خاندانوں میں امدادی رقوم اور متبرک تحائف تقسیم کیے گئے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: