روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے دفترِمتولی شرعی برائے خواتین سے وابستہ العفاف ویمن کمپلیکس نے اربعینِ امام حسین (علیہ السلام) کے موقع پر 17 ہزار سے زائد زائرات کو خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ خدمات نجف کربلا روڈ پر واقع حضرت اُمّ البنین (علیہا السلام) سروس کمپلیکس کے شعبۂ خواتین کے ذریعے فراہم کی گئیں۔
العفاف ویمن کمپلیکس کے فراہم کردہ اعداو شمار کے مطابق 15ہزار سے زائد زائرات کو میزبانی و ضیافت ، 573 زائرات کو لباس کی سلائی اور 1,430زائرات کوفکری، ثقافتی اور مذہبی خدمات فراہم کی گئیں۔
ثقافتی اور مذہبی پروگراموں میں واقعہ کربلا پر مبنی تصویری نمائش کا انعقاد، قرآن مجید کی خطاطی کا منصوبہ، کینسر کے مریضوں کے لیے "اہدائے خطوات" (اپنے قدموں کا ثواب ہدیہ کرنے) کی مہم، نیز مختلف آگاہی اور رہنمائی پر مبنی پروگرام شامل تھے، جنہوں نے زائرات میں دینی، فکری اور علمی شعور کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ تمام خدمات روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے زیارتِ اربعین کے لیے مرتب کردہ جامع خدماتی و ثقافتی منصوبے کا حصہ ہیں، جس کا مقصد عراق سمیت دنیا بھر سے آنے والی زائرات کو ہر ممکن سہولت اور بہترین خدمات فراہم کرنا ہے۔














