اربعین کے موقع پہ امام حسین(ع) کی عزاداری کے قیام اور زیارت کے لیے کربلا آنے والے زائرین کو ٹرانسپورٹ کی مفت سہولیات مہیا کرنے کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ٹرانسپورٹ کے شعبہ نے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے ہیں۔
مذکورہ شعبہ کے ٹیکنیکل انجینئر کرار حیدر عبد الکریم نے بتایا ہے کہ ہمارا شعبہ 270 مختلف گاڑیوں کے ذریعے زائرینِ اربعین کو کربلا میں دن رات مفت ٹرانسپورٹ مہیا کر رہا ہے اور وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال اور زائرین کی صحت وسلامتی کے پیش نظر گاڑیوں میں مسلسل جراثیم کش سپرے کر رہا ہے۔
اس کے علاوہ روضہ مبارک کی طرف سے دسیوں ایمبو لینس گاڑیاں، فائر برگیڈ کے ٹینکر، کوڑا اٹھانے والی گاڑیاں، صاف پانی پہنچانے والے ٹینکر اور اسی طرح کی دوسری خدماتی گاڑیاں بھی پورے شہر میں کام کر رہی ہیں۔
روضہ مبارک کی اکثر گاڑیاں کربلا بابل روڈ پر زائرین کو لانے اور لے جانے کی سہولت فراہم کر رہی ہیں کیونکہ ایام اربعین میں زائرین کی اکثریت اسی راستہ کو استعمال کرتی ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور کام کے دوران کسی بھی حادثے یا بریک ڈاؤن کی صورت میں گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے فنی عملہ اور خصوصی گاڑیاں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ حضرت عباس(ع) کے حرم کے علاوہ امام حسین(ع) کے حرم اور کربلا کی مقامی حکومت نے بھی زائرین کی خدمت اور انھیں مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے سینکڑوں گاڑیاں مختص کی ہیں اور اس سلسلہ میں مل کر ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کیا ہے جس کے تحت ایک مشترکہ کنٹرول روم سے سب گاڑیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے اور انھیں احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔