روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے سنجار میں ہفتہ وار مذہبی ، ثقافتی اور رہنمائی پروگرام کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ مذہبی امور کی جانب سے موصل کے شمال مغرب میں واقع شہر سنجار میں ہفتہ وار مذہبی ، ثقافتی اور رہنمائی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
یہ پروگرام ( کلچرل سنٹر فار گائیڈنس اینڈ ڈویلپمنٹ) اور مزار السيّدة زينب الصغرى (عليها السلام) کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔
اس پروگرام کے نگران اور شعبہ مذہبی امور کے سربراہ الشيخ حيدر العارضي نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا:"یہ ہفتہ وار پروگرام کلچرل سنٹر فار گائیڈنس اینڈ ڈویلپمنٹ کی اہم سرگرمیوں میں سے ایک ہے اور ہر جمعہ کی صبح السيّدة زينب الصغرى(عليها السلام) کے مزار میں منعقد ہوتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا: "اس پروگرام کی اہم سرگرمیوں میں قرآن مجید کی تلاوت اور دعاء الندبة پڑھنا شامل ہے۔ اس کے بعد جمعہ کی نماز ادا کی جاتی ہے اور پھر مذہبی، ثقافتی، عقائدی، تعلیمی ، اخلاقی ، نظریاتی اور دیگر موضوعات پر مشتمل لیکچر دیا جاتا ہےْ۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ سنجار سمیت شمالی علاقوں کو داعش کے دہشت گرد گروہوں سے آزاد کروانے کے بعد روضہ مبارک کے متولی شرعی سید احمد صافی کی خصوصی ہدایات پرشعبہ مذہبی امور کی جانب سے سنجار میں ( کلچرل سنٹر فار گائیڈنس اینڈ ڈویلپمنٹ) کے نام سے اہم ثقافتی و تعلیمی مرکز قائم کیا گیا تھا۔"

یہ مرکز شہر کے لوگوں میں اسلام کی حقیقی ثقافت کو فروغ دینے، اہل بیت (ع) کی فکر کو عام کرنے اور داعش کی جانب سے اسلام کی مسخ شدہ اور پرتشدد شبیہہ جس کا اسلام اورانسانیت سے کوئی تعلق نہیں کو ختم کرنے کے لئے دینی اور سماجی تقریبات کا انعقاد کرتا ہے۔
مرکز سنجار کے تمام باشندوں بشمول مرد ، خواتین ، بچوں اور نوجوانوں اور بلا امتیاز سنیوں ، شیعوں ، ترکمن ، یزیدیوں اور کردوں سمیت تمام نسلی گروہوں کے لئے زندگی کے ہر شعبے میں تربیتی کورسز پیش کرتا ہے۔ اس کے علاوہ فقہ ، اخلاقیات ، معاشرتی پہلووں اور اہل بیت (ع) کی تعلیمات پر مشتمل لیکچرز کا انعقاد بھی کرتا ہے۔
مرکز خواتین اور طلباء کو مذہبی، ثقافتی اور عقائدی امور پر رہنمائی فراہم کرنے کے علاوہ تلاوت قرآن اور حفظ قرآن کے لئے خصوصی کورسز کا انعقاد بھی کرتا ہے۔ پرائمری سے ہائی اسکول تک کے بچوں اور نوعمروں کے لئے اسکول نصاب کے مطابق (انگریزی ، ریاضی اور کمپیوٹر) لیکچرز، کورسسز اور تعلیمی سرگرمیاں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔
سنجار کو داعش کے دہشت گرد گروہوں سے آزاد کروانے کے بعد یہ شہر کا پہلا ثقافتی مرکز ہے جو آنے والے وقت میں مذہبی ، تعلیمی اور فکری شعور کو بڑھانے کے لئے دوسرے منصوبوں کے لئے نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: