روضہ مبارک حضرت عباس (ع) میں امام الہادی علیہ السلام کے یوم شہادت کے احیاء کے لئے بروز ہفتہ (3 رجب 1443 ہجری) بمطابق (5 فروری 2022 ) کو مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا جس میں حرم مطہر کے خدام نے غم و الم سے چور دلوں اور اشکبار آنکھوں کے ساتھ شرکت کی۔
یہ مجلس عزاء روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے ان سالانہ عزائی پروگرامز اور تقریبات کا حصہ ہے، جو حضرت امام علی نقی علیہ السلام کے یوم شہادت کے احیاء کےسلسلے میں منعقد کئے جاتے ہیں۔۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے تشریفات ہال میں منعقدہ اس مجلس عزاء کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور اس کے بعد محکمہ مذہبی امور کے سيّد أحمد الطويرجاوي نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے امام الہادی علیہ السلام کی سیرت طیبہ اور فضائل و مناقب پر روشنی ڈالی۔
سيّد أحمد الطويرجاوي نے امام علیہ السلام کے مصائب اور شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود آپ علیہ السلام پیغام نبوت و رسالت کو آگے بڑھاتے رہے اور بنوعباس کے مکروفریب کو آشکار کرتے رہے۔ آپ علیہ السلام نے ہدایت و ارشاد اور ابلاغ و تبلیغ کےعصری تقاضوں کو سامنے رکھ کر اسلامی معارف و تعلیمات کی نشر و اشاعت میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور اس سب کی پاداش میں آپ علیہ السلام مسلسل ظلم اور ناانصافی کا شکار رہے یہاں تک کہ ظالم و جابر حکمرانوں کے حکم پر 3رجب سن 254 ہجری میں امام علی نقی(ع) کو سامرہ میں زہر سے شہید کیا گیا۔
مجلس عزاء کا اختتام مصائب امام علی نقی علیہ السلام اور اہلیبیت علیہم السلام کے مصائب کو یاد کرتے ہوئے سوز خوانی اور نوحہ خوانی پر ہوا۔





