روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سے وابستہ قرآن یونٹ نے اپنے رمضان پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا ہے۔ اس مضان پروگرام کے تحت ماہ مقدس کے آغاز سے ہی قرآنی محافل، تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا تھا جس کا مقصد خواتین میں قرآن کریم کی ثقافت کو عام کرنا اور اس بابرکت ایام اور لمحات کی برکتوں اور رحمتوں کو سمیٹنا تھا۔
الکفیل ورلڈ نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے یونٹ کی سربراہ فاطمہ الموسوی نے کہا کہ رمضان المبارک قرآن کی بہار اورعبادتوں کا موسم ہے۔ لہٰذا قرآن یونٹ نے اس ماہ مبارک کے آغاز ہی سے کتاب مقدس کی تلاوت اور اس میں غور و فکر کے لئے روضہ مبارک کے اندر اور باہر ختم القرآن محافل اور دیگر فکری و ثقافتی تقریبات کا انعقاد شروع کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن یونٹ کی جانب سے یکم رمضان المبارک سے لیکر 27 رمضان المبارک تک ہر روز ختم القرآن کی دو بابرکت محافل کا انعقاد کیا گیا۔ قرآن خوانی کی پہلی محفل صبح 9:00 بجے اور دوسری مجلس دوپہر 2:30 بجے روضہ مبارک کی بیسمنٹ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام میں منعقد کی گئی۔ اس کے علاوہ مقام صاحب العصر والزمان میں بھی ہروز صبح 9 بجے محفل قرآن منعقد کی گئی۔ قرآن یونٹ نے بذریعہ ٹیلی گرام اور فیس بک پیج ایک ورچوئل قرآنی محفل بھی منعقد کی جو ان لوگوں کے لیے تھی جو حضوری طور پر منعقد کی جانے والی محافل میں شرکت نہیں کر سکتے تھے۔
اس ماہ مبارک کے دوران اہل بیت علیہم السلام کے ایام ولادت یا شہادت کے ساتھ ساتھ شب قدر کے احیاء کے لئے بھی خصوصی قرآنی تقاریب اور سرگرمیاں منعقد کی گیئں۔ ۔ نیز اس مبارک مہینے کے دوران یونٹ کی جانب سے قرآنی، فقہی اور ثقافتی پروگرام اور مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔









