روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکرو ثقافت سے منسلک القمر کلچرل فورم کی جانب سے دارلحکومت بغداد کے علاقے الشعلة کے مڈل اسکول کے طلباء کے ایک گروپ کا استقبال کیا گیا۔
القمر کلچرل فورم کے محقق سيد محمد حسن المولى نے کہا کہ "القمر کلچرل سینٹر معاشرے کے تمام طبقات میں ثقافتی امور کے فروغ اور ان کی علمی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے عملی اقدامات کرتا ہے اور ان پروگرامز کے ذریعے اسکول کے طلباء میں ثقافتی بیداری اور رہنمائی کے لئے بھی مختلف طرح کی علمی, فکری و ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں ہم نے دارلحکومت بغداد کے علاقے الشعلة کے مڈل اسکول کے طلباء کے ایک وفد کی میزبانی کرتے ہوئے ان کے لیے ایک تعلیمی و ثقافتی پروگرام ترتیب دیا تھا جو کہ فکری و رہنمائی لیکچرز پر مشتمل تھا۔"
انہوں نے مزید کہا، "یہ پروگرام شرکاء کی عمروں کے مطابق تیار کیا گیا تھا، اور یہ لیکچرز ایسے عنوانات مرتب کیے گئے تھے جو ذہنی اور فکری دونوں لحاظ سے ان کی عمروں کے مطابق ہوں، اور اسی طرح ان کے تعلیمی مراحل سے مطابقت رکھتے ہوں اور انھیں نفسیاتی اور معاشرتی مشکلات اور دباؤ پر قابو پانے میں مدد کر سکیں اور ایک کامیاب شخصیت کی تعمیر میں کردار ادا کر سکیں۔"
واضح رہے کہ قمر ثقافتی فورمز کے انعقاد کا مقصد علمی وفکری سرگرمیوں پر مشتمل کورسز اور پروگرامز کے انعقاد کے ذریعے عصرحاضرکے مذہبی، ثقافتی اور سماجی چیلنجز کا مقابلہ کرنا اور جدید سائنسی طریقوں اور میکانزم کو استعمال کرتے ہوئے عدم برداشت اور منفی رویوں کو ختم کرنا ہے تاکہ حقیقی معنوں میں معاشرے میں امن و استحکام اور خوشحالی و ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔







