روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین نے روضہ مبارک کے اطراف میں توسیعی منصوبوں کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے کاموں کا جائزہ لیا۔
روضہ مبارک کے ڈپٹی سیکرٹری سید علی الصفار نے بتایا ہے کہ روضہ مبارک کے ارد گرد متعدد توسیعی منصوبوں کے میدانی دورہ کا مقصد وہاں ہونے والے کاموں کا جائزہ لینا اور ان سائٹس پہ ہونے والی تازہ ترین پیشرفت سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس دورے کے دوران سیکرٹری جنرل نے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شمالی طرف صحنِ ام البنین(س) کی پروجیکٹ سائٹ کا وزٹ کیا کہ جہاں اس منصوبے کا آغاز ہو رہا ہے۔ اسی طرح انھوں نے شارع باب قبلہ روضۂ حضرت عباس(ع) کا بھی میدانی جائزہ لیا کہ جہاں روضہ مبارک کے عجائب گھر کی عمارت کی تعمیر کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے۔
روضہ مبارک کے مینٹیننس اینڈ انجینئرنگ کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ انجینئر قسیم موسوی اور حرمین پروٹیکشن رجمنٹ کے سربراہ بھی اس دورے کے دوران سیکرٹری جنرل کے ہمراہ موجود تھے تاکہ نئے توسیعی منصوبوں کے آغاز سے پہلے چیک پوائنٹس کو متبادل مقامات پر منتقل کرنے کے لیے جگہ کے انتخاب کو حتمی شکل دی جا سکے۔
واضح رہے کہ ان منصوبوں کے لیے عراقی کمپنی ارض القدس کو ٹھیکہ دیا گیا ہے اور اس کام کی نگرانی روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے انجینئرنگ پراجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کو سونپی گئی ہے جبکہ اس کے لیے فنڈز دیوان وقف شیعی اور وزارت خزانہ کی طرف سے فراہم کیے جا رہے ہیں۔





