روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ معارف اسلامی و انسانی کی جانب سے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے یوم وفات کے موقع پر بصرہ میں ایک مجلس عزاء منعقد کی گئی۔
یہ مجلس عزاء شعبہ معارف اسلامی و انسانی سے منسلک بصرہ ہیریٹیج سنٹر کے زیر اہتمام منعقد کی گئی تھی جس میں بصرہ ہیریٹیج سنٹر کی انتظامیہ ، اس کے ملازمین، بصرہ ہیریٹیج میگزین کے ایڈیٹوریل بورڈ اور امام الحاجہ اکیڈمی کے وفد نے شرکت کی۔
مجلس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، اس کے بعد شیخ مرتضیٰ الزرقانی نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی ذات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں اور واقعہ کربلا اور اسلام کی حیات نو میں آپ کے کلیدی کردار کے بارے میں ایک جامع لیکچر دیا۔
انہوں نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے حضرت زینب الکبری (سلام اللہ علیھا) کی سیرت طیبہ، صبر، شجاعت، فصاحت و بلاغت ، نظم و تدبیر، فضائل اور مصائب بیان کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کو بقاء امام حسین اور ان کے اصحاب کی شہادت سے نصیب ہوئی اور اس مقصد کی تکمیل سیدہ زینب سلام اللہ کی اسیری اور کوفہ و شام کی راہوں اور درباروں میں بلیغ خطبات دینے اور ظالموں کے سامنے ڈٹ جانے سے ممکن ہوئی۔







