دوسرے بین الاقوامی ہفتہ امامت کے پہلے دن کی سرگرمیاں اختتام پذیر

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں دوسرے بین الاقوامی ہفتہ امامت کے پہلے دن کی سرگرمیاں اختتام پذیر ہوگئیں ہیں۔

(النبوّة والإمامة صنوان لا يفترقان) کے نعرے کے تحت روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے منعقد ہونے والے دوسرے سالانہ ہفتۂ امامت کی تقریبات 27 جون 2024ء سے 4 جولائی 2024ء تک اس عنوان کے ضمن میں جاری رہیں گی: (منهاج الأئمّة -عليهم السلام- في تربية الفرد والأمّة)۔

دوسرے بین الاقوامی ہفتۂ امامت کی پہلے دن کی تقریبات میں روضہ مبارک کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی، سیکریٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، مجلس ادارہ کے اراکین اور شعبوں کے سربراہان کے علاوہ ملکی اور غیر ملکی علمی اور حوزوی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دوسرے بین الاقوامی ہفتۂ امامت کی افتتاحی تقریب کا آغاز قاری سید حیدر جلوخان نے تلاوت قرآن مجید سے کیا اور پھر بالترتیب قومی ترانہ اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا ترانہ پڑھا گیا۔ اس کے بعد شہداء عراق کے لیے اجتماعی طور پر سورہ فاتحہ پڑھی گئی۔

اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی نے تقریب سے خطاب کیا انہوں نے ہفتہ امامت کے انعقاد کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہفتۂ امامت اس نظریہ کی بنیاد پر قائم ہے کہ مرکزِ امامت یا منصبِ امامت کی ابتدا امیر المومنین حضرت علی(‏ع) سے ہوتی ہے، اور اختتام حضرت امام مہدی(عج) پر ہوتا ہے۔

اس کے بعد بین الاقوامی ہفتہ امامت کی سرگرمیوں اور تقریبات کے بارے میں ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی، اور پھر شاعر سید مہند جمال الدین نے ہفتہ امامت کی مناسبت سے ایک خوبصورت نظم پڑھی۔

اس کے بعد محقق شیخ علی الجزیری نے دوسرے بین الاقوامی ہفتۂ امامت کے ضمن میں افتتاحی تحقیقی مقالہ پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی سید احمد صافی نے علمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور امامت کے موضوع پر لکھنے والے ممتاز ادیبوں کے ایک گروپ کو اعزاز سے نوازا۔

دوسرے بین الاقوامی ہفتۂ امامت کے پہلے دن کے تقریبات کے ضمن میں روضہ مبارک کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شوقیہ فوٹو گرافی کے مقابلے اور نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔

دوسرے بین الاقوامی ہفتۂ امامت کے پہلے دن کی سرگرمیاں قمر بنی ہاشم ابا الفضل العباس علیہ السلام کی شخصیت مبارکہ پر ایک علمی ورکشاپ کے انعقاد کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں اور اس علمی ورکشاپ میں شیخ مصطفی العملی اور شیخ علی الغازی نے علمی و فکری لیکچرز دیئے۔

دوسرے بین الاقوامی ہفتہ امامت میں بارہ معصوم ائمہ علیہم السلام پر 12 علمی کانفرنسوں کا انعقاد شامل ہے، اس کے علاوہ سیمینار، ورکشاپس، ثقافتی اور فنی مقابلے بھی اس ہفتۂ امامت کا حصہ ہیں ۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام ہفتہ امامت کے انعقاد کے ذریعے اہل بیت علیہم السلام کی معرفت کوپھیلانے، عصرحاضر کے بحرانوں سے نمٹنے، فکری شکوک و شبہات کو دور کرنے اور منحرف نظریات کا مقابلہ کرنے کے لئے اہل بیت علیہم السلام کی سیرت و تعلیمات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: