روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے منعقد ہونے والے دوسرے سالانہ ہفتۂ امامت کی تقریبات کے ضمن میں امام حسن عسکری(ع) کانفرنس کا آغاز ہو چکا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ تربیت و اعلی تعلیم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دو ممبران سید جواد الحسناوی اور ڈاکٹر عباس الددہ کے علاوہ بہت سی علمی، حوزوی، اکیڈمک اور سرکاری شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔
نبوّة والإمامة صنوان لا يفترقان) کے نعرے کے تحت روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے منعقد ہونے والے دوسرے سالانہ ہفتۂ امامت کی تقریبات 27 جون 2024ء سے 4 جولائی 2024ء تک اس عنوان کے ضمن میں جاری رہیں گی: (منهاج الأئمّة -عليهم السلام- في تربية الفرد والأمّة) اور یہ کانفرنس اس کا اہم حصہ ہے۔
کانفرنس کا آغاز قاری عمار حلی نے تلاوت قرآن کریم سے کیا، اس کے بعد شہدائے عراق کے لئے سورۃ الفاتحہ پڑھی گئی اور پھر بالترتیب عراق کا قومی ترانہ اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا ترانہ پڑھا گیا۔ اس کے بعد کانفرنس کی انتظامی اور اور علمی کمیٹیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ تربیت و اعلی تعلیم کے سربراہ ڈاکٹرحسن الحسناوی نے تقریر کی۔
اس کانفرنس کے لئے ( 16) تحقیقی مقالات موصول ہوئے جن میں سے (3) مقالات پر کانفرنس کے تحقیقی سیشن کے دوران بحث کی جائے گی۔ ان مقالات میں امام حسن(ع) کی سیرت مبارکہ اور علمی، تعلیمی واخلاقی پہلوؤں سے پر بات کی جائے گی۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام ہفتہ امامت کے انعقاد کے ذریعے اہل بیت علیہم السلام کی معرفت کوپھیلانے، عصرحاضر کے بحرانوں سے نمٹنے، فکری شکوک و شبہات کو دور کرنے اور منحرف نظریات کا مقابلہ کرنے کے لئے اہل بیت علیہم السلام کی سیرت و تعلیمات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے کوشاں ہے۔




















