ماہ محرم کا پہلا دن اختتام پذیر ہونے کو ہے لیکن ابھی تک مقامات مقدسہ میں ماتمی جلوسوں کی آمد جاری ہے۔
ماہ محرم کے پہلے عشرہ کے ماتمی جلوس اہل کربلا کے لیے مخصوص ہیں اور یہ ایک قدیم رسم عزاء ہے جس کا آغاز زنجیر زنی کے جلوسوں سے ہوتا ہے۔
آج بروز پیر محرم الحرام 1446 ہجری کی پہلی تاریخ کے طلوع آفتاب کے ساتھ ہی کربلا کے مقامات مقدسہ میں مراسم عزاء کے احیاء کے لئے ماتمی جلوسوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا اور اہل کربلا کی جانب سے یکم محرم کی صبح کا آغاز امام حسین علیہ السلام اور ان کے اہل و عیال اور اصحاب کی شہادت کی یاد میں زنجیر زنی کے جلوسوں کی برآمدگی سے ہوا۔
جلوسوں کی نقل و حرکت کربلا کے دونوں مقامات مقدسہ سے وابستہ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے مرتب کردہ ایک منظم منصوبے کے مطابق ہوتی ہے، ہر جلوس کا راستہ اور وقت پہلے سے مقرر ہوتا ہے۔ یہ جلوس روضہ مبارک ابی الفضل العباس علیہ السلام میں باب قبلہ سے داخل ہوتے ہیں اور باب امام حسن علیہ السلام سے گزر کر بین الحرمیں سے ہوتے ہوئے روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوتے ہیں۔
کربلا کے دونوں مقامات مقدسہ سے وابستہ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کی جانب سے مراسم عزاء کے احیاء، عزائی تقریبات کے انعقاد اور ماتمی جلوسوں کی برآمدگی کے لئے تیاریوں کا سلسلہ موسم حزن وغم کی آمد سے بہت پہلے ہی شروع کر دیا گیا تھا۔ شعبہ شعائر حسینی و مواکب حسینی کا عملہ ہر جلوس کے شروع ہونے سے لے کر اختتام تک اس کے ساتھ ہوتا ہے، تاکہ ایک پرسکون اور محفوظ ماحول میں مراسم عزا کی ادادئیگی کو ممکن بنایا جا سکے۔











